احتیاطی تدابیر بیماریوں کی روک تھام ، صحتمند آبادی کو یقینی بنانے کیلئے نہایت مؤثر طریقہ ہیں، ڈاکٹر عارف علوی

عوام کو معیاری صحت عامہ خدمات کی فراہمی کیلئے صوبوں کے ساتھ مناسب رابطہ و تعاون کو یقینی بنایا جائے، صدر مملکت کا وزارت قومی صحت خدمات میں بریفنگ کے موقع پر اظہار خیال

منگل 25 ستمبر 2018 19:56

احتیاطی تدابیر بیماریوں کی روک تھام ، صحتمند آبادی کو یقینی بنانے کیلئے نہایت مؤثر طریقہ ہیں، ڈاکٹر عارف علوی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر پر مبنی صحت عامہ پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے ،یہ بیماریوں کی روک تھام اور صحت مند آبادی کو یقینی بنانے کیلئے نہایت مؤثر طریقہ ہیں، عوام کو معیاری صحت عامہ خدمات کی فراہمی کیلئے صوبوں کے ساتھ مناسب رابطہ و تعاون کو یقینی بنایا جائے۔

صدر مملکت نے یہ بات منگل کو وزارت قومی صحت خدمات میں اعلیٰ سطح کی بریفنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر قومی صحت، خدمات عامر محمود کیانی نے صدر مملکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومت کے ہیلتھ وژن کے خدوخال پر روشنی ڈالی جس میں سب کیلئے قابل رسائی اور مساوی معیاری صحت خدمات پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

صدر نے کہا کہ ہمیں احتیاطی تدابیر پر مبنی صحت عامہ پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے اور اس میں تمام پالیسیاں، حکمت ہائے عملی اور منصوبہ جات شامل ہونے چاہئیں کیونکہ یہ بیماریوں کی روک تھام اور صحت مند آبادی کو یقینی بنانے کیلئے نہایت مؤثر طریقہ ہے۔صدر مملکت نے وزارت کو ہدایت کی کہ وہ الیکٹرانک میڈیا کے مؤثر استعمال کے ساتھ ساتھ اعضاء کے عطیہ اور پاپولیشن پلاننگ کی حوصلہ افزائی میں علماء کی شمولیت کے ذریعے رویہ جات میں تبدیلی کے حوالہ سے عوامی شعور بیدار کرنے کیلئے وزارت اطلاعات کے ساتھ مل کر کام کرے۔

صدر مملکت نے ادویہ سازی کے شعبہ کی بہتری کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اس ضمن میں برآمدات میں اضافہ کیا جا سکے جس میں بہت زیادہ صلاحیت پائی جاتی ہے۔ انہوں نے وزارت کو ہدایت کی کہ ڈبلیو ایچ او کے معیارات کے حصول کیلئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے وزارت صحت کی طرف سے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات کیلئے ٹائم لائن وضع کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس مدت کے اندر پیشرفت واضح ہونی چاہئے۔

قبل ازیں سیکرٹری صحت کیپٹن (ر) زاہد سعید نے صدر مملکت کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہیں وزیراعظم کے قومی صحت پروگرام کے بارے میں وزارت کے امور کار کے بارے میں بتایا گیا۔ صدر کو آگاہ کیا گیا کہ اس وقت خط غربت سے نیچے 32 لاکھ گھرانوں کو ہیلتھ انشورنس کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ انہیں یہ بھی بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق پورے ملک میں اس پروگرام کے دائرہ کو وسعت دی جا رہی ہے۔ صدر مملکت نے صحت کے شعبہ کی بہتری اور اس ضمن میں درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کیلئے ہر ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے تمام لوگوں کو معیاری صحت عامہ خدمات کی فراہمی کیلئے صوبوں کے ساتھ مناسب رابطہ کو یقینی بنایا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں