وزیراعظم دورہ سعودی عرب کے حوالے سے پارلیمان کو اعتماد میں لیں،میاں رضا ربانی

منگل 25 ستمبر 2018 21:49

وزیراعظم دورہ سعودی عرب کے حوالے سے پارلیمان کو اعتماد میں لیں،میاں رضا ربانی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم دورہ سعودی عرب کے حوالے سے پارلیمان کو اعتماد میں لیں۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں عوامی اہمیت کے معاملے پر بات کرتے ہوئے سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا کہ کل بھی میں نے کہا تھا کہ وزیراعظم ایوان میں آئیں اور آ کر سوالات کا جواب دیں، آج بھی یہی کہتا ہوں کہ دورہ سعودی عرب کے حوالے سے وزیراعظم ایوان کو اعتماد میں لیں، دورے کے حوالے سے تین طرح کی باتیں سامنے آ رہی ہیں، ایک میڈیا میں آ رہی ہے، دوسرا ورژن وزیر اطلاعات و نشریات کی طرف سے آیا ہے جس میں سٹریٹجک سپورٹ کی بات کی گئی ہے، تیسرا ورژن وزیراعظم کی طرف سے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی کو سعودی عرب پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کی بات سے بہت سے سوالات جنم لیتے ہیں، کیا ان کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے لئے جنگ کرے گا یا کوئی دفاعی معاہدہ سعودی عرب سے ہونے جا رہا ہے یا ہوا ہی کیا حملے کی صورت میں پاکستان اپنے دستے سعودی عرب کو دے گا کیا چین کو اعتماد میں لے کر سعودی عرب کو سی پیک میں شمولیت کی دعوت دی گئی ہے، ان معاملات پر پارلیمان میں بحث ہونی چاہئے اور پارلیمان کو اعتماد میں لے کر کوئی خارجہ پالیسی بننی چاہئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں