سپیکر قومی اسمبلی کی ڈیرہ اسماعیل خان میں سابق صوبائی وزیرسردار اکرام اللہ خان گنڈا پورشہید کے گھرآمد

اکرام اللہ خان گنڈا پور بہادر، مخلص، دیانتدار سیاسی رہنماء تھے، سیاسی وسماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، سپیکراسد قیصر

بدھ 26 ستمبر 2018 18:24

سپیکر قومی اسمبلی کی ڈیرہ اسماعیل خان میں سابق صوبائی وزیرسردار اکرام اللہ خان گنڈا پورشہید کے گھرآمد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2018ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وفاقی وزیر برائے دفاع پرویز خٹک کے ہمراہ تحصیل کلاچی ڈیرہ اسماعیل خان کادورہ کیا اور وہاں سابق صوبائی وزیر زراعت سردار اکرام اللہ خان گنڈاپور شہید کے گھر گئے۔ سپیکر اور وفاقی وزیر دفاع نے اکرام اللہ خان گنڈا پور کے بھائی انعام اللہ خان گنڈا پور اور اُن کے بیٹوں سے اکرام اللہ خان گنڈا پورکی شہادت پر تعزیت کی جو 2018ء کی انتخابی مہم کے دوران دہشتگردی کا نشانہ بنے تھے ۔

اکرام اللہ خان گنڈا پور کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سپیکر نے اُن کی سیاسی وسماجی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اکرام اللہ خان گنڈا پور ایک بہادر،مخلص اور دیانتدار سیاسی رہنماتھے۔

(جاری ہے)

اُن کی سیاسی و سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔ سپیکر نے کہا کہ گنڈا پور خاندان میں شہادتوںکاایک طویل سلسلہ ہے۔ اس خاندان نے ملک میں امن کے قیام اور جمہوریت کے فروغ کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ پوری قوم ان قربانیوں کوبڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ بعد ازاں سپیکراسد قیصر اور وفاقی وزیر برائے دفاع پرویز خٹک نے اکرام اللہ خان گنڈا پور اور اسرار اللہ خان گنڈا پورو دیگرخاندان کی قبروں پر حاضری دی اور اُن شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں