قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی و ماضی کے روایت کے مطابق دی جائے

تحریک انصاف انتخابی وعدے پورا کرے ، کفایت شعاری کی مہم سے جمع ہونے والے اربوں روپے عوام پر خرچ کرے، مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر سینیٹر پرویز رشید کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

بدھ 26 ستمبر 2018 19:02

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی و ماضی کے روایت کے مطابق دی جائے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی کو ماضی کے روایت کے مطابق دیاجائے، اگر حکومت پبلک اکائونٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ اپنے پاس رکھتی ہے تو حکومت کے اخراجات کا حساب کیسے ہو گا، حکومت نے کفایت شعاری مہم میں اب تک کتنے ارب روپے اکٹھے کئے ہیں، ہمیں کھیل کو کھیل سمجھنا چاہیے۔

بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہاکہ حکومت کی طرف سے پبلک اکائونٹس کمیٹی کی صدارت اپنے رکھنے کاجواز نہیں بنتا۔ ماضی میں جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت تھی اپوزیشن کے پاس پی اے سی کی کمیٹی کی صدارت تھی اور خورشید شاہ اس کے چیئرمین تھے۔

(جاری ہے)

حکومت ماضی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے طے شدہ فارمولا کے تحت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی اپوزیشن جماعتوں کو بھی دے۔

انہوں نے کہاکہ پبلک اکائونٹس کمیٹی کا کام حکومت کے اور اس کے ماتحت اداروں کے اخراجات کا احتساب کرنا ہوتا ہے اوراداروں میں بے قاعدگیوں کا نوٹس لیا جاتا ہے۔ اگر حکومت پبلک اکائونٹس کمیٹی کی صدارت اپنے پاس رکھتی ہے تو حکومت اور ماتحت اداروں کا احتساب کیسے ہو سکے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف نے انتخابات میں جو وعدے کئے تھے اب انہیں پورا کرے اور کفایت شعاری کی مہم سے جمع ہونے والے اربوں روپے عوام پر خرچ کرے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے سے صنعتی پیداوار اور گھریلو اخراجات بڑھیں گے جس سے عام آدمی پربوجھ بڑھے گا۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم بھارت کے خلاف میچ میں کامیابی حاصل کرے گی۔ ہمیں کھیل کو کھیل سمجھنا چاہیے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں