ریڈیو پاکستان کو سالانہ چار ارب روپے دیئے جا رہے ہیں،

اگرحکومت ریڈیو کو سالانہ پانچ ارب روپے دے تو ہمارے مسائل حل ہو سکتے ہیں،قومی میڈیا کو حکومتیں تحفظ دیتی ہیں اور اصلاحات کرتی ہیں،وزیر مملکت علی محمد خان نے یقین دہانی کرائی کہ ملازمین کو نہیں نکالا جائے گا ریڈیو پاکستان کی سٹاف یونین (یو ایس او) کے صدر چوہدری ارشد گجرکی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

بدھ 26 ستمبر 2018 19:07

ریڈیو پاکستان کو سالانہ چار ارب روپے دیئے جا رہے ہیں،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2018ء) ریڈیو پاکستان کی سٹاف یونین (یو ایس او) کے صدر چوہدری ارشد گجر نے کہا ہے کہ ریڈیو پاکستان کو سالانہ چار ارب روپے دیئے جا رہے ہیں، کسی ترقی یافتہ ملک میں ریڈیو کو بند نہیں کیا جاتا، قومی میڈیا کو حکومتیں تحفظ دیتی ہیں اور اصلاحات کرتی ہیں۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری ارشد گجر نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کو لیز پر دینے کا جواز نہیں بنتا۔

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان سے ریڈیو کی سٹاف یونین کے نمائندوں نے ملاقات کی اور وزیر مملکت نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ ریڈیو پاکستان کے ملازمین کو نہیں نکالا جائے گا اور نہ ہی ایسا قدم اٹھایا جائے گا جس سے وہ متاثر ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے ریڈیو پاکستان کی سالانہ گرانٹ کو ساڑھے تین ارب سے بڑھا کر ساڑھے چار ارب کیا تھا اور اگر موجودہ حکومت ریڈیو کو سالانہ پانچ ارب روپے دے تو ہمارے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومتیں اسٹیٹ میڈیا کو تحفظ دیتی ہیں اور اصلاحات کرتی ہیں، لیز پر دینے کا جواز نہیں بنتا۔ ریڈیو پاکستان کی ٹرانسمیشن کو 580 کلو ہرٹز سے بڑھانے کی ضرورت ہے اور سسٹم کو اپ گریڈ کیا جائے۔ یونین کے صدر نے کہا کہ ریڈیو پاکستان حکومت اور اداروں کو بھرپور سروس فراہم کر رہا ہے۔ ریڈیو قومی آمدن کا ذریعہ نہیں، اس کا مقصد عوام کو لمحہ بہ لمحہ باخبر رکھنا اور حکومتی ترجیحات کے حوالے سے بھی عوام کو آگاہی فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح ہسپتال عوام کی خدمت میں مصروف ہیں جن کی آمدن کا ذریعہ نہیں ہوتا اور حکومتیں اپنے فنڈ سے عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہسپتالوں کو فنڈز فراہم کرتی ہیں، اسی طرح ریڈیو بھی عوام کو باخبر اور حکومت اور اداروں کو سروسز فراہم کرتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں