نیب نے اسحاق ڈار کے اثاثوں کی نیلامی کیلئے پیشرفت رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرا دی

بدھ 10 اکتوبر 2018 17:57

نیب نے اسحاق ڈار کے اثاثوں کی نیلامی کیلئے پیشرفت رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرا دی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2018ء) قومی احتساب بیورو (نیب )نے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے اثاثوں کی نیلامی کے حوالے سے پیشرفت رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرادی ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اسحاق ڈار کی اسلام آباد میں چھ ایکڑ اراضی کیس شروع ہونے سے پہلے ہی فروخت کردی گئی تھی۔ اسحاق ڈار کے بینکوں کی رقوم پنجاب حکومت کے حوالے کر دی گئی ہیں ۔

بدھ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈارکیخلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران نیب کے تفتیشی افسر نادر عباس نے اسحاق ڈار کے اثاثوں کی نیلامی سے متعلق پیش رفت رپورٹ جمع کرائی۔ رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ اسلام آباد میں چھ ایکڑ اراضی کیس شروع ہونے سے پہلے ہی فروخت کردی تاہم سابق وزیر خزانہ، ان کی بیوی اور بیٹے کے تین پلاٹوں کی قرقی سے متعلق تعمیلی رپورٹ بھی جمع کرادی گئی۔

(جاری ہے)

نیب نے اسحاق ڈار اور ان کمپنیوں کے اکاؤنٹس میں 5 کروڑ 83 لاکھ روپے کی تفصیلات پنجاب حکومت کے حوالے کردیں۔ نیب حکام کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کی گاڑیاں تحویل میں لینے کیلئے رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا لیکن گاڑیاں موجود نہیں تھیں جبکہ اسحاق ڈار اور ان کی اہلیہ کے شئیرز کی قرقی سے متعلق ایس ای سی پی کی رپورٹ کا انتظار ہے۔ رپورٹ ملنے کے بعد آئندہ سماعت پر عدالت کو پیش رفت سے آگاہ کردیا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں