احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے خلاف دائر العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت (آکل) تک ملتوی کر دی

بدھ 10 اکتوبر 2018 18:40

احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے خلاف دائر العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت (آکل) تک ملتوی کر دی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2018ء) احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے خلاف دائر العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت (کل) جمعرات تک ملتوی کر دی ہے۔ وکیل صفائی خواجہ حارث نے تفتیشی افسر محبوب عالم کے بیان پر جرح مکمل کر لی ۔ بدھ کو احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے ریفرنس کی سماعت کی۔ اس موقع پر محمد نواز شریف عدالت میں پیش ہوئے ۔

سماعت کے دوران سابق وزیراعظم کے وکیل خواجہ حارث نے تفتیشی افسر پر جرح کی ۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ ایس ای سی پی سے مہران رمضان ٹیکسٹائل ملز کا ریکارڈ حاصل کیا تھا، مہران ٹیکسٹائل کے شیئرز کی تقسیم سے واقفیت رکھنے والے کسی فرد کا بیان قلمبند نہیں کیا،کسی گواہ نے بیان نہیں دیا کہ حسین نواز اور حسن نواز نے ایچ ایم ای کے قیام میں محمد نوازشریف کی معاونت کی، نوازشریف کے قوم اور قومی اسمبلی سے خطاب کی ڈی وی ڈی تیار کرنے والے کا بیان قلمبند نہیں کیا،کوئی ایسا گواہ پیش نہیں ہوا جس نے بتایا ہو کہ العزیزیہ اسٹیل ملز کب قائم ہوئی،محمد نواز شریف کا قوم اور قومی اسمبلی میں خطاب کی ڈی وی ڈیز اپنے قبضے میں لیں تھیں۔

(جاری ہے)

تفتیشی افسر نے بتایا کہ دوران تفتیش علم میں آیا کہ جے آئی ٹی میں پیش ہونے والے تمام افراد نے کہا کہ العزیزیہ اسٹیل ملز میاں محمد شریف نے قائم کی۔ خواجہ حارث نے سوال کیا کہ آپ نے تفتیش میں کسی ایسے شخص کو شامل کیا جو شیئرز کی تقسیم اور کمپنیوں کی ورکنگ سے واقف تھا ۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ایسے کسی شخص کو شامل تفتیش نہیں کیا۔ تفتیشی افسر محبوب عالم نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہوگا کہ میں نے آزادانہ تفتیش نہیں کی اور یہ کہنا بھی غلط ہوگا کہ میں نے صرف جے آئی ٹی رپورٹ پر انحصار کیا ہے ، صرف جے آئی ٹی کی ریفر کی گئی دستاویزات پر ریفرنس تیار نہیں کئے، یہ کہنا غلط ہے کہ میں نے کوئی متعصبانہ تفتیش کی، یہ درست ہے کہ ملزمان کے علاوہ اثاثوں کے دیگر بینیفشری لوگوں کو شامل تفتیش نہیں کیا۔

خواجہ حارث نے سوال کیا کہ کیا محمد نواز شریف نے جے آئی ٹی کے سامنے یہ کہا کہ حسن نواز اور حسین نواز کو اخراجات دادا سے ہی ملتے تھے ،کیا شہباز شریف نے بھی جے آئی ٹی کو یہی بتایا کہ حمزہ شہباز کو خرچ بھی دادا سے ہی ملتا ہی تفتیشی افسر نے کہا کہ میں ریکارڈ دیکھ کر جواب دے سکتا ہوں۔سماعت کے تفتیشی افسر محبوب عالم پر خواجہ حارث نے جرح مکمل کر لی ۔عدالت نے مذید سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں