حکومت نے بجلی کی قیمت میں اضافےکی سمری تیار کر لی

بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 3 روپے 75 پیسے اضافے کا امکان، فیصلہ کل ہو گا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 15 اکتوبر 2018 12:14

حکومت نے بجلی کی قیمت میں اضافےکی سمری تیار کر لی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 اکتوبر 2018ء) : حکومت نے عوام پر بجلی بم گرانے کی تیاریاں کر لیں۔ بجلی کی قیمت میں اضافے کی سمری تیار کر لی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بجلی کی قیمت میں 3 روپے 75 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔ بجلی صارفین سے اس اضافے کے تحت تقریباً چار سو ارب روپے ماہانہ اضافی وصول کیے جائیں گے۔بجلی کےنرخوں میں اضافہ سال17-2016ء اور18-2017 ء کے لیے تجویز کیا گیا ۔

بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت کی جانب سے کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔ بجلی کی قیمت کے حوالے سے فیصلہ کل وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ہونے والے اقتصادی مشاورتی کونسل میں کیا جائے گا۔ حکومتی منظوری کے بعد ہی بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق حتمی اعلان کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ضمنی انتخاب سے قبل بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ، وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا گیا تھا کہ ضمنی انتخابات سے قبل بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو موخر کر دیا جائے کیونکہ اس اضافے سے ضمنی انتخاب میں پارٹی کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

جس کے بعد فیصلہ کچھ دیر کے لیے موخر تو کیا گیا لیکن 3 اکتوبر 2018ء کو بجلی کی قیمتوں میں 1روپیہ 16 پیسے فی یونٹ اضافے کا اعلان کر دیا گیا۔ بجلی کی قیمتوں میں ماہانہ فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں اضافہ کیا گیا۔ جس کے تحت رواں ماہ صارفین 16 ارب روپے اضافی ادا کرنا ہو گے۔ بجلی کی قیمت میں اضافے کے بعد حکومتی پالیسیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور کل ہونے والے ضمنی انتخاب کے نتائج کو دیکھ کر بھی یہی اندازہ لگایا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے گذشتہ 60 دنوں کے دوران کیے گئے فیصلے بھی نتائج پر اثر انداز ہوئے۔

ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی دیکھ کر عوام نے پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا اور یوں ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کو نقصان اُٹھانا پڑا۔ تاہم آج ایک مرتبہ پھر سے بجلی کی قیمت میں اضافےکی سمری تیار کر لی گئی جس میں بجلی کی قیمت میں 3 روپے 75 پیسے اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔اس معاملے پر حتمی فیصلے کا انتظار کیا جا رہا ہے جس کے بعد قیمت کے حوالے سے باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں