لینڈ مافیا کا مفرور کارندہ منشا بم سپریم کورٹ پہنچ گیا

خود کو عدالت کے حوالے کرنے آیا ہوں۔ منشا بم

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 15 اکتوبر 2018 14:34

لینڈ مافیا کا مفرور کارندہ منشا بم سپریم کورٹ پہنچ گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 اکتوبر 2018ء) : لینڈ مافیا کا مفرور کارندہ منشا بم عدالت کے سامنے پیش ہو گیا ۔ تفصیلات کے مطابق زمینوں پر قبضوں اور لینڈ مافیا کا کارندہ منشا بم آج سپریم کورٹ پہنچا۔ مفرور ملزم منشا بم سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کے چیمبر میں پیش ہوا اور کہا کہ میں خود کو عدالت کے حوالے کرنے آیا ہوں۔ میں پولیس سے چھُپ کر چیف جسٹس سے ملاقات کے لیے آیا ہوں، اگر چیف جسٹس نہ ملے تو میں انتظار کروں گا۔

منشا بم نے کہا کہ میرے خلاف سیاسی مقدمات بنائے گئے ہیں۔ میں ایک خاندانی بندہ ہوں اور میں نے کسی کی زمین پر قبضہ نہیں کیا۔ یاد رہے کہ منشا بم کے خلاف لاہور میں زمینوں پر قبضے کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے۔ 10 اکتوبر کو لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بھی منشا بم کے خلاف ایل ڈی اے ٹیم پر حملہ کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت عدالت نے منشاء بم اور اس کے چاروں بیٹوں کے شناختی کارڈ نمبر نادرا سے بلاک کروانے کا حکم دے دیا اور منشا بم اور اس کے چاروں بیٹوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری دوبارہ جاری کر دیئے۔

عدالتی حکم کے باوجود منشاء بم روپوش تھا اور پولیس منشا بم کو گرفتار کرنے یا اس کا کھوج لگانے کے حوالے سے تاحال کوئی کامیابی حاصل نہیں کر سکی تھی۔ منشا بم کی روپوشی پر 4 اکتوبر کو منشا بم اور بیٹوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔ عدالت نے منشا بم کو بیٹوں سمیت گرفتار کر کے 10 اکتوبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے رکھا تھا۔ جس کے بعد 10 اکتوبر کو بھی منشا بم کو پیش نہ کر سکنے پر عدالت نے ایس ایچ او جوہر ٹاؤن کو رپورٹ عدالت پیش کرنے کا حکم دیا۔

جبکہ دوسری جانب منشا بم کے ضمانتیوں کی جائیدادیں بھی ضبط کرنے کا حکم دے دیا گیا تھا۔11 اکتوبر 2018ء کو اربوں روپے کے گھپلوں میں ملوث منشا بم اور اس کے 4 بیٹوں کے نام ای سی ایل میں شامل کر دئیے گئے۔ یاد رہے کہ قبضہ مافیا سے تعلق رکھنے والا منشاء بم پولیس کے چھاپے کے دوران مزاحمت کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا ۔ سپریم کورٹ نے لاہور میں قبضہ مافیا سے تعلق رکھنے والے منشا بم کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا ۔

پولیس حکام کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ منشاء بم کی 3 اکتوبر کی رات بارہ سے ایک بجے کے درمیان اپنے ڈیرے پر آمد متوقع ہے جس کے بعد پولیس نے اپنے دو اہلکاروں کو وہاں ڈیرے پر نظر رکھنے کے لیے تعینات کیا گیا۔ ایس پی صدر معاذ ظفر کا کہنا ہے کہ موقع پر تعینات پولیس اہلکاروں نے جب منشاء بم کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو اس کے ساتھ موجود گارڈز نے مزاحمت شروع کر دی اور منشاء بم پولیس ٹیم کے پہنچنے سے پہلے ہی فرار ہو گیا ۔ البتہ پولیس نے منشاء بم کی گاڑی قبضے میں لے لی ، پولیس کا کہنا تھا کہ جلد منشاء بم کو گرفتار کر لیا جائے گا لیکن تاحال پولیس منشا بم کا سُراغ لگانے میں ناکام رہی جس کے بعد آج منشا بم خود ہی سپریم کورٹ میں چیف جسٹس سے ملاقات کرنے پہنچ گیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں