چیئرمین نادرا کی الیکشن کمیشن حکام کو سمندر پار پاکستانیوں کی آئی ووٹنگ کے حوالے سے بریفنگ

ضمنی انتخابات ،ْسمندر پار پاکستانیوں کے ووٹوں کو نتائج کا حصہ بنانے کا فیصلہ

پیر 15 اکتوبر 2018 19:43

چیئرمین نادرا کی الیکشن کمیشن حکام کو سمندر پار پاکستانیوں کی آئی ووٹنگ کے حوالے سے بریفنگ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمن انتخابات میں سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹوں کو گنتی کرکے نتائج کا حصہ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ پیر کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا خان سے چیئرمین نادرا عثمان مبین اور دیگر حکام نے ملاقات کی جس میں چیئرمین نادرا نے الیکشن کمیشن حکام کو سمندر پار پاکستانیوں کی آئی ووٹنگ کے حوالے سے بریفنگ دی۔

الیکشن کمیشن نے نادرا کی بریفنگ کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹوں کو گنتی کرکے حتمی نتائج میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ۔الیکشن کمیشن کے مطابق انٹرنیٹ کے ذریعے ڈالے گئے ووٹوں کی تفصیلات متعلقہ آر اوز کوبھجوا دی گئیں اور انہیں ووٹوں کو حتمی رزلٹ میں شامل کرنے کا کہا گیا ۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے مطابق 7364 رجسٹرڈ سمندر پار پاکستانیوں میں سے 6233 نے ووٹ ڈالا اور اس طرح آئی ووٹنگ کا ٹرن آوٹ 83.5 فیصد سے زائد رہا۔

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق قومی اسمبلی کی نشستوں کیلئے 5117 اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر 1116 رجسٹرڈ اوورسیز پاکستانیوں نے ووٹ ڈالے۔یاد رہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سمندر پار پاکستانیوں کے کاسٹ کیے گئے ووٹوں کی اہمیت بڑھ گئی ہے اور 6 حلقوں میں ووٹ فیصلہ کن کردار ادا کر سکتے ہیں جہاں جیت کا مارجن بہت کم ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں