الله تعالیٰ کے فضل اور پاکستانی محققین کی سخت محنت کی بدولت پاکستان غذائی اجناس میں خودکفیل ہے،

زراعت کے شعبہ کو متنوع بنانے اور جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے، موجودہ حکومت غذائی تحفظ، تخفیف غربت کو یقینی بنانے کیلئے اقتصادی ترقی، زراعت کی بہتری اور پانی کی بچت کے شعبوں کو تقویت دینے کیلئے پرعزم ہے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا عالمی یوم خوراک کے حوالے سے پیغام

پیر 15 اکتوبر 2018 20:07

الله تعالیٰ کے فضل اور پاکستانی محققین کی سخت محنت کی بدولت پاکستان غذائی اجناس میں خودکفیل ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ الله تعالیٰ کے فضل اور پاکستانی محققین کی سخت محنت کی بدولت پاکستان غذائی اجناس میں خودکفیل ہے تاہم زراعت کے شعبہ کو متنوع بنانے اور جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات عالمی یوم خوراک کے موقع پر کہی جو (آج) منگل کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں منایا جا رہا ہے۔

صدر نے کہا کہ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ وزارت غذائی تحفظ و تحقیق اور عالمی ادارہ خوراک و زراعت، عالمی غذائی تحفظ، تخفیف غربت اور بھوک کے خاتمہ کیلئے اقوام متحدہ کے اداروں اور دیگر شراکت داروں تنظیموں کے ساتھ مل کر عالمی یوم خوراک منا رہے ہیں۔ صدر نے کہا کہ یہ دن ہمیں اس ضمن میں مل کر کوششیں کرنے کی یاد دہانی کراتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت غذائی تحفظ، تخفیف غربت کو یقینی بنانے کیلئے اقتصادی ترقی، زراعت کی بہتری اور پانی کی بچت کے شعبوں کو تقویت دینے کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مقامی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر زرعی شعبہ میں مقامی وسائل کو متحرک کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے اور ملک میں کاشتکار برادری کی بہتری کیلئے کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الله تعالیٰ کے فضل اور پاکستانی محققین کی سخت محنت کی وجہ سے پاکستان غذائی اجناس میں خودکفیل ہے اور غذائی اجناس، پھلوں اور سبزیوں کی برآمد کر رہا ہے تاہم اپنی زراعت کو متنوع بنانے اور تیار زرعی مصنوعات کے فروغ کی ضرورت پائی جاتی ہے۔

انہوں نے اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے ایف اے او اور دیگر اقوام متحدہ اداروں کی کاوشوں اور معاونت کو سراہا اور بین الاقوامی برادری کے اشتراک کار سے اپنے عوام کیلئے غذائی تحفظ کو یقینی بنانے اور 2030ء تک بھوک کے خاتمہ کیلئے حکومتی عزم کی تجدید کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں