سمندر پار پاکستانیوں کی ضمنی انتخابات میں عدم دلچسپی

سب سے زیادہ ووٹ این اے 243 کراچی میں ڈالے جہاں آئی ووٹوں کی تعداد 1ہزار 112 رہی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 15 اکتوبر 2018 19:44

سمندر پار پاکستانیوں کی ضمنی انتخابات میں عدم دلچسپی
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-15 اکتوبر2018ء) :ضمنی انتخابات میں پہلی مرتبہ سمندر پار پاکستانیوں نے ووٹ کا حق استعمال کیا۔سب سے زیادہ این اے 243 میں آئی ووٹ ڈالے گئے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں قومی اسمبلی کی 11 نشستوں میں مسلم لیگ ن 4، تحریک انصاف4، مسلم لیگ ق 2، متحدہ مجلس عمل ایک جیتنے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔قومی اسمبلی کی نشستوں میں مسلم لیگ ن کے امیدوارشاہد خاقان عباسی لاہور سے این اے 124، خواجہ سعد رفیق این اے 131، اٹک سے ملک سہیل این اے 56، فیصل آباد سے علی گوہر بلوچ این اے 103سے کامیاب ہوئے ہیں۔

اسی طرح گجرات این اے 69سے ق لیگ کے چودھری مونس الٰہی، این اے 65 چکوال سے چودھری سالک حسین کامیاب ہوئے۔ جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار علی نواز این اے 53اسلام آباد، ٹیکسلا سے این اے 63 میں منصور حیات اور کراچی میں این اے 243سے عالم گیر خان نے بھاری ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

اسی طرح این اے 35 بنوں سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار زاہد اکرم درانی نے کامیابی سمیٹی۔

این اے 60راولپنڈی سے شیخ رشید کے بھتیجے راشد شیخ جیت گئے ہیں۔ اسی طرح پنجاب اسمبلی کی 12نشستوں میں 5تحریک انصاف اور 5نشستیں ن لیگ لینے میں کامیاب ہوئی۔ تاہم ابھی 2نشستوں پر نتائج آنا باقی ہیں۔ سندھ اسمبلی کی 2سیٹوں میں پیپلزپارٹی دونوں نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوگئی۔ خیبرپختونخواہ اسمبلی میں 10نشستوں میں تحریک انصا ف 7، عوامی نیشنل پارٹی 2، مسلم لیگ ن ایک نشست جیتنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

اسی طرح بلوچستان کی 2صوبائی نشستوں میں ایک بی این پی مینگل کامیاب ہوگئی ہے۔ اس حوالے سے یہ ضمنی الیکشن اس لئیے بھی اہم تھا کہ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ سمندر پار پاکستانیوں نے حق رائے دہی استعمال کیا۔سب سے زیادہ ووٹ کراچی کے این اے 243 میں پڑے جہاں 1 ہزار ایک سوبارہ ای ووٹ ڈالے گئے۔اس کے علاوہ این اے 131 کے لیے 991 اوورسیز پاکستانیوں نے حق رائے دہی استعمال کیا جبکہ این اے 60 میں ای ووٹنگ کے ذریعے اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے والوں کی تعداد 460 ہے۔یاد رہے کہ اس الیکشن میں پہلی مرتبہ سمندر پار پاکستانیوں نے ووٹ کا حق استعمال کیا اور انکو یہ حق دلانے میں تحریک انصاف اور سپریم کورٹ کا بنیادی کردار ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں