پاکستان کے عوام چین سے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں، وفود کے تبادلوں سے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے،

دورہ چین کے دوران چینی قیادت سے ملاقات کا منتظر ہوں، دورہ چین دوطرفہ سٹرٹیجک تعاون اور شراکت داری کی اہمیت کا عکاس ہو گا، پاکستان غربت کے خاتمہ، کرپشن کے جنگ اور زرعی ترقی کیلئے چینی تجربات، مہارت اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کا خواہاں ہے وزیراعظم عمران خان کی چینی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی ترقی کے وزیر سونگ تائوسے گفتگو

پیر 15 اکتوبر 2018 23:33

پاکستان کے عوام چین سے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں، وفود کے تبادلوں سے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام چین سے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں، وفود کے تبادلوں سے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، دورہ چین کے دوران چینی قیادت سے ملاقات کا منتظر ہوں، دورہ چین دوطرفہ سٹرٹیجک تعاون اور شراکت داری کی اہمیت کا عکاس ہو گا۔ وہ چینی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی ترقی کے وزیر سونگ تائوسے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

چین کے وزیر بین الاقوامی ترقی سونگ تائو نے وزیراعظم عمران خان کو غربت کے خاتمہ، کرپشن سے جنگ اور زرعی ترقی کے ایجنڈے کی تکمیل کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم عمران خان نے چینی وزیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی آزمودہ ہے اور پاکستان کے عوام چین سے دوستی کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں، چین کے صدر شی جن پنگ کی طرف سے دونوں ممالک کو آئرن برادرز قرار دینا ناقابل تردید حقیقت کی عکاسی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چینی صدر ایک عظیم سٹیٹس مین ہیں اور پاکستان کے عوام ان کو بہت سراہتے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے مابین بڑھتے ہوئے تعلقات کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے وفود کے تبادلوں اور تبادلہ خیال کے ذریعے ان تعلقات کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔ وزیراعظم نے اپنے آئندہ دورہ چین کے حوالہ سے کہا کہ وہ دورہ چین کے دوران چینی قیادت سے ملاقات کے منتظر ہیں، یہ دورہ دوطرفہ سٹرٹیجک تعاون اور شراکت داری کی اہمیت کا عکاس ہو گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان غربت کے خاتمہ، کرپشن کے جنگ اور زرعی ترقی کیلئے چینی تجربات، مہارت اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو سے دونوں اطراف کو پاکستان سے چین کیلئے برآمدات کے امکانات کا موقع میسر آئے گا۔ چینی وزیر نے پاک۔چین تعلقات کیلئے چین کی قیادت اور عوام کی وابستگی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے یقین دلایا کہ چین غربت، کرپشن کے خاتمہ اور زرعی ترقی کیلئے بھرپور تعاون کرے گا۔ انہوں نے پاکستان کو تمام علاقائی اور عالمی فورمز پر حمایت کی یقین دہانی بھی کرائی۔ چینی وزیر نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے مابین وفود کے تبادلوں سے مشترکہ ترقی کے حصول کیلئے تبادلہ خیال میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ کے تحت اقتصادی راہداری اہم منصوبہ ہے اور یہ ایک نئے پاکستان کی تعمیر کیلئے اہم کردار ادا کرے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں