عمران خان نے وزیراعظم بننے کے بعد ایک دن کی چھُٹی بھی نہیں لی

ملکی حالات سُدھارنے اور قوم کی خوشحالی کے لیے عمران خان اتوار کے روز بھی کام کرتے ہیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 16 اکتوبر 2018 15:18

عمران خان نے وزیراعظم بننے کے بعد ایک دن کی چھُٹی بھی نہیں لی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 اکتوبر 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان اقتدار میں آنے سے قبل محنت اور ملک و قوم کی خدمت کی بات کیا کرتے تھے۔ عام انتخابات 2018ء میں شاندار کامیابی کے بعد جیسے ہی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اقتدار میں آئی اور عمران خان نے وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف لیا ، تب سے ہی نئی حکومت کے لیے چیلنجز کا ایک دور شروع ہو گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کئی ایسے فیصلے کیے جن پر ان کو پذیرائی ملی جبکہ کئی ایسے فیصلے بھی کیے جن پر انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ لیکن عمران خان کے بارے میں ایک بات جو واقعی قابل تعریف ہے وہ یہ کہ عمران خان نے وزیراعظم بننے کے بعد ایک دن کے لیے بھی کام سے چھُٹی نہیں لی۔ وزیراعظم عمران خان نے 17 اگست کو وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف لیا تھا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان کے مشیر نعیم الحق نے کہاکہ گذشتہ روز عمران خان نے اعلیٰ کاروباری شخصیات اور ماہرین اقتصادیات سے ملاقات کی۔ اور ملک کی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اتوار کے روز نعیم الحق نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بنی گالہ میں اعلیٰ کاروباری شخصیات اور ماہرین اقتصادیات سے 4 گھنٹے ملاقات کی۔

انہوں نے بتایا کہ اس ملاقات سے قبل وزیراعظم عمران خان نے این اے 53 میں اپنا ووٹ بھی کاسٹ کیا۔ اپنے ٹویٹر پیغام میں نعیم الحق نے بتایاکہ عمران خان جب سے وزیراعظم بنے ہیں انہوں نے ایک دن بھی کام سے رخصت نہیں لی۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر اکثر وزیراعظم عمران خان کی تصاویر گردش کرتی ہیں جس میں انہیں اتوار کے روز بھی صبح کی سیر کے بعد ٹریک سوٹ میں ملبوس وزیراعظم آفس میں دیکھا گیا۔ عمران خان کے قریبی لوگوں کا کہنا ہے کہ جب سے عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالا ہے وہ دن رات ملک و قوم کی ترقی اور ملکی حالات سُدھارنے کی فکر میں رہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ اتوار کے روز بھی کام سے گریز نہیں کرتے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں