اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر سانپ نکل آیا

ائیر پورٹ پر سانپ کو دیکھ کر عملے کی دوڑیں لگ گئیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 16 اکتوبر 2018 15:28

اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر سانپ نکل آیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 اکتوبر 2018ء) : اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر سانپ نکل آیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ کے ایپرن سائیڈ پر سانپ نکل آیا۔ سانپ کو دیکھ کر ائیر پورٹ عملے کی دوڑیں لگ گئیں۔ سانپ کو دیکھتے ہی ائیر پورٹ حکام نے محکمہ وائلڈ لائف سے رابطہ کر لیا ہے۔ سانپ کی وجہ سے کسی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی البتہ ائیر پورٹ پر موجود لوگ خوف کا شکار ہو گئے ہیں۔

اس سے پہلے بھی اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر کئی مرتبہ سانپ نکلنے کے واقعات پیش آچکے ہیں۔ جس کی وجہ سے مسافر اور ائیر پورٹ کا عملہ خوف میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ واضح رہے کہ نیو اسلام آباد ائیر پورٹ اپنے افتتاح کے بعد سے خبروں کی زینت بنا ہوا ہے جس کی وجہ کبھی تو ائیر پورٹ کے انتطامی امور ، کبھی ائیر پورٹ پر مسافروں کے سامان کی گمشدگی ، کبھی بارشوں میں نیو اسلام آباد ائیرپورٹ کی چھتوں کا ٹپکنا،کبھی ناقص انتظامیہ تو کبھی ناقص میٹیریل اور کبھی اس ائیرپورٹ پر غیر مرئی مخلوق کی موجودگی ہے۔

(جاری ہے)

نیو اسلام آباد ائیر پورٹ سے متعلق کہا گیا کہ یہاں غیر مرئی مخلوق کی موجودگی کا انکشاف ہوچکا ہے جبکہ ائیر پورٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی اکثر اس مخلوق کو دیکھا گیا ۔ اس انکشاف کے بعد سے ہی نیو اسلام آباد ائیر پورٹ سے متعلق کئی قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں ۔ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ نیو اسلام آباد ائیرپورٹ کو قدیم قبرستان پر بنایا گیا ہے جس کی وجہ سے وہاں اس مخلوق کی موجودگی اکثر لوگوں کو دکھائی دیتی ہے۔

یہی نہیں بلکہ نیو اسلام آباد ائیر پورٹ کی تعمیر میں حصہ لینے والے ورکرز کو سینے پر بوجھ محسوس ہوتا ہے۔ اور ایک مرتبہ جہاز کی لینڈنگ کے دوران پائلٹ کو رن وے پر کچھ بچے بھی بھاگتے ہوئے نظر آئے جو اچانک غائب بھی ہو گئے۔ نیو اسلام آباد ائیر پورٹ سے متعلق یہ رپورٹس حقائق پر مبنی ہیں یا پھر یہ کوئی افسانہ ہے اس سے متعلق تو کچھ کہا نہیں جا سکتا البتہ اس طرح کی رپورٹس نے نیو اسلام آباد ائیر پورٹ سے متعلق خوف ضرور پیدا کر دیا ہے۔

جدید ترین سہولیات سے آراستہ ملک کے سب سے بڑے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر غیر مرئی مخلوق ہونے کی اطلاعات ہیں جنہیں دیکھ کر اے ایس ایف اہلکار سمیت کئی افراد بے ہوش ہو چکے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پُراسرار اور عجیب نظر آنے اور پھر اچانک غائب ہوجانے والی غیرمرئی مخلوق نے خوف و ہراس پھیلا دیا ہے جبکہ اس مخلوق کو دیکھ کر اب تک اے ایس ایف اہلکارسمیت متعدد افراد بے ہوش ہوگئے ۔

ذرائع کے مطابق اس سے قبل بھی یہ مخلوق 2 بار دکھائی دے چکی ہے اور ہر بار سی سی ٹی وی کیمرہ کی آنکھ میں محفوظ بھی ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ مخلوق دکھائی دینے کے بعد غائب ہوجاتی ہے اور پھر کیمرے بھی اسے تلاش نہیں کرسکتے ۔ گزشتہ روز اے ایس ایف کا اہلکار آصف کیانی اور دیگر دو لوگ خوف زدہ ہوکر بے ہوش ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے ۔

بعض لوگ اسے وہم قرار دیتے ہیں تاہم کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہونے والی تصویر شکوک وشہبات کو ختم کررہی ہے ۔ اس حوالے سے نیو اسلام آباد ائیر پورٹ پر اپنے پیاروں کا انتظار کرنے والے لوگ بھی خوف و ہراس کا شکار ہیں۔یاد رہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے یکم مئی کو 13 سال میں مکمل ہونے والے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ کا افتتاح کیا تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں