ملک سے وی آئی پی اور پروٹوکول کلچر کا خاتمہ،

زیادہ گاڑیاں رکھنے والے اداروں اور افسران کے خلاف کارروائی اور کرپشن ختم کریں گے، 50 لاکھ گھروں کے منصوبے پر کام کا آغاز ہو چکا ہے، اڑھائی کروڑ بچوں کو سکول بھجوانے کا عزم کیا ہے، جلد مشکل وقت سے نکل جائیں گے وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید کی این ایچ اے کے زیراہتمام گاڑیوں کی نیلامی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو

منگل 16 اکتوبر 2018 16:26

ملک سے وی آئی پی اور پروٹوکول کلچر کا خاتمہ،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ ملک سے وی آئی پی اور پروٹوکول کلچر کا خاتمہ ، زیادہ گاڑیاں رکھنے والے اداروں اور افسران کے خلاف کارروائی اور کرپشن ختم کریں گے، 50 لاکھ گھروں کے منصوبے پر کام کا آغازہو چکا ہے، اڑھائی کروڑ بچوں کو سکول بھجوانے کا عزم کیا ہے، جلد مشکل وقت سے نکل جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت مواصلات کے ذیلی ادارے این ایچ اے کے زیراہتمام بڑی چھوٹی 76 گاڑیوں کی نیلامی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اداروں میں کرپشن ناسور کی طرح پھیل چکی ہے ، گاڑیوں کی نیلامی سے حکومت نے پروٹوکول کے نظام کا خاتمہ کردیا ہے، افسران نے 15، 15، 20،20 گاڑیاں رکھی ہوئی تھیں، عوام کے پیسے پر عیاشیاں کرتے تھے، بیوی اور بچوں کو الگ الگ گاڑیاں دے رکھی تھیں، ملک میں فضول خرچی کا رواج تھا، عوام کے پیسے سے بڑی بڑی گاڑیاں خرید کر عیاشی کے لیے استعمال کی جارہی تھیں۔

(جاری ہے)

اب ایسا نہیں ہوگا۔ قانونی اجازت سے زیادہ گاڑیاں رکھنے والے ادارے اور افسران قانون کے شکنجے میںآئیں گے ، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ این ایچ اے میں اوپر سے لے کر نیچے تک کرپشن کاخاتمہ کریں گے، میری وزارت میں بد عنوان افسر اور اہلکاروں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ وزارت مواصلات کے ذیلی ادارے این ایچ اے کی مجموعی طورپر 219 گاڑیوں کو نیلام کیا جائے گا جن میں سے این ایچ اے ہیڈ کوارٹر میں 76 گاڑیوں کی نیلامی کا عمل آج ہی مکمل کرلیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ ماضی میں لوگ جو محلات میں رہتے تھے عوام کے پیسے پر عیاشیاں کررہے تھے اور شہری غربت کے ہاتھوں خود کشیاں کرنے پر مجبور تھے لیکن ہماری حکومت نے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق اس وی آئی پی ماحول اور پروٹوکول کے خاتمے کا عزم کرتے ہوئے لوٹا ہوا پیسہ واپس لانے کا وعدہ کیا ہے جسے ہر صورت پورا کیاجائے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وقت تیزی سے بدل رہا ہے ہم دو پاکستان نہیں ایک پاکستان جو ترقی یافتہ ہو گا تشکیل دے رہے ہیں۔

عمران خان عوام کے مسائل سن رہے ہیں غریبوں کے لئے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ شروع کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تھوڑا مشکل دور ہے مگر گزر جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ کے پی کے میں محکمہ پولیس کو نئے سرے استوار کیا گیا، دوسرے صوبوں میں بھی پولیس کو صحیح سمت میں لانے کے لئے کے پی کے کے مطابق اصلاحات لے کر آئیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا مطلب عوام کی دولت کو لوٹ کر عیاشیاں کرنا نہیں بلکہ یہ عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے پیسے خرچ کرنے کا نام ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں