ْسویٹ ہوم کے بچوں کیلئے پورے ملک میں مزید سویٹ ہومز تعمیر کئے جائیں گے، بلاول بھٹو زرداری

منگل 16 اکتوبر 2018 21:44

ْسویٹ ہوم کے بچوں کیلئے پورے ملک میں مزید سویٹ ہومز تعمیر کئے جائیں گے، بلاول بھٹو زرداری
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سویٹ ہوم کے بچوں کیلئے پورے ملک میں مزید سویٹ ہومز تعمیر کئے جائیں گے، ان کی تعلیم اور تحفظ کا انتظام کیا جائے گا، میں نے کم عمری میں اپنی ماں کو کھویا، سویٹ ہوم کے بچوں کی آنکھوں میں روشنی دیکھ کر دل کو سکون مل رہا ہے، یہ بہادر بچے معاشرہ کے مفید شہری بنیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اسلام آباد میں سویٹ ہومز میں بچوں کے پروگراموں اور فن کے مظاہروں کو دیکھنے کے بعد اپنے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور سویٹ ہومز بچوں کے پاپا زمرد خان نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ، فیصل کریم کنڈی، شیری رحمن،، سابق سینٹ کے چیئرمین نیئر حسین بخاری، فوزیہ حبیب، نفیسہ شاہ، چوہدری یاسین سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

بچوں نے اس موقع پر پاسنگ آئوٹ پریڈ، تائیکوانڈو سمیت مختلف فن کے مظاہرے پیش کئے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ زمرد خان کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے بے نظیر بھٹو کا خواب پورا کیا، انسانوں کی دیکھ بھال ایک بہت عظیم کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بھی کم عمری میں والدہ کو کھویا ہے، یہ بڑا امتحان ہوتا ہے، ان بچوں کے دکھ کو سمجھ سکتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کی آنکھوں کی روشنی سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہ پاکستان کے بامقصد اور ہنرمند شہری ثابت ہوں گے اور بھرپور انداز میں ملک و قوم کی خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح بچوں کو تمام شعبوں میں ماہر بنانے کی سعی کی جا رہی ہے وہ لائق تحسین ہے، میں امید کرتا ہوں کہ اس کام کو مزید پھیلایا جائے گا اور اس سلسلہ میں اپنی تمام کاوشیں بروئے کار لائیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پورے ملک کے بچوں کو چھت اور تعلیم کی فراہمی کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی اپنا کردار ادا کرے گی۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سویٹ ہوم کی بنیاد کا اعزاز ایک بڑی نعمت ہے اور اس بہترین کاوش پر زمرد خان مبارکباد کے مستحق ہیں، جو قومیں اپنے نادار بچوں کو بھول جاتے ہیں وہ کبھی ترقی نہیں کرتیں۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو ہمیشہ ہمارے لئے مشعل راہ تھیں، ہیں اور رہیں گی۔ چیئرمین سویٹ ہوم زمرد خان نے اس موقع پر کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی کی یہ خواہش تھی کہ یتیم بچوں، بزرگوں اور مریضوں پر زیادہ توجہ دی جائے، اس حوالہ سے انہوں نے مجھ سے حلف لیا تھا کہ یتیموں اور ضعیفوں پر دست شفقت رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پارٹی نے بیت المال کا سربراہ لگایا تو میں نے اس ادارہ کو بلاکرپشن مستحقین کیلئے ایک ایسا ادارہ بنایا جہاں سے ضرورت مندوں کیلئے اربوں روپے کے فنڈز جاری کئے۔

انہوں نے کہا کہ سویٹ ہوم میں ساڑھے چار سو لڑکے اور 100 لڑکیاں زیر کفالت و تعلیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سویٹ ہوم ابھی بنیاد ہے جسے اب سینکڑوں سے لاکھوں تک بڑھانا مشن ہے، سویٹ ہوم میں زیر کفالت بچوں کا مقابلہ پورے پاکستان میں کسی سکول کے بچے نہیں کر سکتے۔ زمرد خان نے کہا کہ ہم نے ملک بھر میں مختلف مقامات پر سویٹ ہومز قائم کئے اور انشاء الله اس کا دائرہ اور بھی بڑھایا جائے گا۔ تقریب کے دوران پاکستان سویٹ ہومز کی ننھی بچی نے بینظیر بھٹو کا روپ دھار کر بینظیر بھٹو کے لیاقت باغ میں آخری خطاب کی نقل کی۔ ایک اور ننھے بچے نے زمرد خان کا روپ دھار کر ننھی بینظیر کو ہار پہنایا۔ لیاقت باغ کے آخری جلسہ میں زمرد خان نے بینظیر بھٹو کو ہار پہنایا تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں