نیب نے شہباز شریف کو اسلام آباد منتقل کرنے کی تیاریاں کرلیں

شہباز شریف کو طیارے کے ذریعے اسلام آباد منتقل کیا جائے گا ،شہباز شریف اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 16 اکتوبر 2018 21:53

نیب نے شہباز شریف کو اسلام آباد منتقل کرنے کی تیاریاں کرلیں
قومی احتساب بیورو نے سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کو اسلام آباد منتقل کرنے کی تیاریاں کرلیں،شہباز شریف کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔تفصیلات کے مطابق نیب نے شہباز شریف کو اسلام آباد منتقل کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔شہباز شریف کو کل صبح 7 بجے طیارے پر اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔شہباز شریف کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے تاہم اس دوران بھی ان پر کڑی نظر رکھی جائے گی ۔

اجلاس کے دوران کسی کو بھی شہباز شریف سے بغیر اجازت ملاقات نہیں کرنے دی جائے گی۔اجلاس کے ختم ہوتے ہی شہباز شریف کو دوبارہ نیب اپنی تحویل میں لے گی۔اس ساری کاروائی کے دوران نیب ٹیم شہباز شریف کے ہمراہ رہے گی۔یاد رہے کہ آج نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیںڈل میں زیر حراست شہباز شریف کو نیب کے سامنے پیش کیا۔

(جاری ہے)

نیب حکام نے نیب کورٹ میں شہباز شریف کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

نیب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف سے مزید تفتیش کرنی ہے، شہباز شریف کی مداخلت کے مزید ثبوت ملے ہیں۔ لہٰذا ان کے ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کی جائے۔ عدالت میں شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ شہباز شریف نے کسی سے کوئی پیسہ نہیں لیا لہٰذا ان کا مزید ریمانڈ منظور نہ کیا جائے۔ عدالت میں شہباز شریف نے بھی اپنا بیان دیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ جو بات کہوں گا حلفاً کہوں گا۔

میں آپ کے صرف دو منٹ لوں گا اس کے بعد آپ کا فیصلہ قبول ہو گا۔ جب دوسری نیلامی ہوئی تو مجھے معاملے کا علم ہوا۔ نیب سے سوال کیا کہ لطیف سنز سمیت دوسرے لوگ نیلامی میں شامل تھے؟ نیب نے مجھے کاغذات دکھائے لیکن یہ نہیں بتایا کہ پہلی نیلامی میں کیا ہوا۔ میرے دور میں ہی اینٹی کرپشن نے یہ فراڈ پکڑا تھا، میں نے خود ہی یہ معاملہ اینٹی کرپشن کو بھجوایا تھا ایسے کیسے مجھ پر الزام لگا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے قوم کا لوٹا پیسہ واپس لیا ملک کی خدمت کی کیا غلط کیا؟ نیب نے ابھی تک کوئی شہادت نہیں دکھائی، میں پاکستانی ہوں اور فخر ہے، میں نے پنجاب کی خدمت کی ، ایسے کیسے مجھ پر الزام لگا دیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نیب ایک روپے کی کرپشن کا ثبوت پیش نہیں کر سکا۔ زبانی احکامات دینے کی نیب کے بیان کی تصدیق کرتا ہوں۔ احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے ریمانڈ میں توسیع کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا ۔ احتساب عدالت نے نیب کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 14 دن کی توسیع کر دی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں