اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق عدالت نےدیا مبارکباد وزیراعظم وصول کر رہے ہیں

لے لیں یہ کریڈٹ ، ہمیں اس کا شوق نہیں ہے۔ چیف جسٹس کے ریمارکس

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 17 اکتوبر 2018 11:34

اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق عدالت نےدیا مبارکباد وزیراعظم وصول کر رہے ہیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 اکتوبر 2018ء) : سپریم کورٹ آف پاکستان میں نجی اسپتالوں میں مہنگے علاج سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار کے ریمارکس سامنے آئے۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے دوران سماعت کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق عدالت نے دے دیا۔تاہم اس پر مبارکباد وزیراعظم وصول کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لے لیں یہ کریڈٹ ہمیں اس کا شوق نہیں ہے۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے 17 اگست 2018ء کو اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا فیصلہ کیا۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں کیس کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا۔ جس کے بعد سپریم کورٹ کے اس حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے ملک بھر میں 14 اکتوبر کو قبل ہونے والے ضمنی انتخاب میں اوورسیز پاکستانیوں نے بھی ووٹ کاسٹ کیا۔

(جاری ہے)

اوورسیز پاکستانیوں نے آئی ووٹنگ کے ذریعے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ الیکشن کمیشن نے سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے ضمنی انتخاب میں آئی۔ووٹنگ کے ذریعے ڈالے گئے ووٹوں کو نتائج کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا۔اس ضمن میں تمام تفصیلات متعلقہ ریٹرننگ افسروں کو بھجوا دی گئیں۔ ریٹرننگ آفیسرز انٹرنیٹ کے ذریعے کاسٹ ہونے والے ووٹوں کو حتمی نتائج میں شامل کریں گے ۔

اوورسیز پاکستانیوں کو پہلی مرتبہ پاکستان کے انتخابات میں ووٹ کاسٹ کرنے کا موقع ملا جسے اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے خوب سراہا گیا۔ واضح رہے کہ ملکی انتخابات میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کاسٹ کرنے کا حق دلوانے میں پاکستان تحریک انصاف اور سپریم کورٹ نے اہم کردار ادا کیا تھا جس کے تحت اس معاملے کو ضمنی انتخاب میں عملی جامہ پہنایا گیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں