حکومت بچوں کو صحت مند مستقبل فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے،

خسرہ جیسے متعدی مرض کی روک تھام کیلئے قومی مہم 27 اکتوبر تک جاری رہے گی، وفاقی وزیر نیشنل ہیلتھ سروسز عامر محمود کیانی

بدھ 17 اکتوبر 2018 14:31

حکومت بچوں کو صحت مند مستقبل فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ حکومت بچوں کو صحت مند مستقبل فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے، محفوظ اور صحت مند مستقبل بچوں کا حق ہے اور تندرست اور محفوظ پاکستان کے لئے اقدامات ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، ملک بھر میں خسرہ جیسے متعدی مرض کی روک تھام کے لئے قومی مہم 15 اکتوبر سے شروع ہوئی ہے جو 27 اکتوبر تک جاری رہے گی۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خسرہ سے بچائو کی قومی مہم کے دوران 9 ماہ سے 5 سال تک کے بچوں کو اس بیماری سے بچائو کیلئے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خسرہ ایک انتہائی موذی مرض ہے کیونکہ یہ کمیونٹی میں ایک بچے سے دوسرے میں بہت آسانی سے منتقل ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اس لئے اس کی روک تھام کے لئے اقدامات اٹھانا انتہائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو 2011-13ء میں خسرہ کی وبا ء کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے تدارک کیلئے 2014-15ء میں قومی سطح پر خسرہ کے خلاف قومی مہم چلائی گئی تھی تاکہ اس بیماری کی روک تھام کی جائے۔

عموماً ان ممالک میں قومی مہم کا انتظام کیا جاتا ہے جہاں اس طرح کی وباء پھوٹنے کا اندیشہ ہو، لہٰذا اس تناظر میں پاکستان میں15 اکتوبر سے خسرہ کے خلاف قومی مہم کا آغاز کیا گیا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ ہم بہت جلد اس بیماری پر قابو پا لیں گے۔ وفاقی وزیر صحت نے کہا خسرہ مہم کے ذریعے 9 ماہ سے 59 ماہ کے یعنی 5سال تک کی عمر کے 32.5 ملین بچوں کو خسرہ کے خلاف ٹیکے لگائے جائیں گے۔

اس عظیم مقصد کے لئے ہم نے 30ہزار سے زیادہ عملہ اور سوشل موبلائزرز کو تربیت دی ہے۔ اس موقع پر ای پی آئی پروگرام کے ساتھ پی پی اے اور نجی شعبوں کے تعاون کی یقین دہانی نہایت خوش آئند ہے۔ وفاقی وزارت صحت کی طرف سے تمام صوبوں اور فیڈریٹنگ ایریازکو اس مہم کی مؤثر عملدرآمد کے لئے بھرپور تعاون فراہم کیا گیا ہے۔ بین الاقوامی کمیونٹی کے رکن ہونے کے ناطے سے ہم اس عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں کہ ملک کے ہر بچے کو اس بیماری سے محفوظ بنائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں