سپریم کورٹ کا صوبائی حکومت کو کٹاس راج تالاب بھرنے کیلئے فوری اقدامات کا حکم

نومبر میں سیمنٹ فیکٹریوں کا پانی بند کر دیا جائیگا ،ْ عدالت کو کیوسک کیوسک کے کھیل میں نہ الجھایا جائے، پانی چوری کرنے والوں کو خمیازہ بھگتنا ہوگا ،ْچیف جسٹس

بدھ 17 اکتوبر 2018 21:05

سپریم کورٹ کا صوبائی حکومت کو کٹاس راج تالاب بھرنے کیلئے فوری اقدامات کا حکم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے سیمنٹ فیکٹریوں کیلئے پنجاب حکومت کی جانب سے مقرر قیمت درست قرار دیتے ہوئے صوبائی حکومت کو کٹاس راج تالاب بھرنے کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیدیا۔چکوال کی سیمنٹ فیکٹریوں کی جانب سے زیر زمین پانی کے استعمال کے کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ صوبے بتائیں فیکٹریوں کیلئے زیر زمین پانی کی کیا قیمت مقرر کی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ صوبوں کو پرواہ نہیں، سیمنٹ فیکٹریاں برسوں سے پانی استعمال کر رہی ہیں لیکن آج تک ٹکا بھی ادا نہیں کیا، اربوں روپے کا پانی چوری ہوا مگر سیٹھوں سے کسی نے نہیں پوچھا۔ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے بتایا کہ سیمنٹ فیکٹریوں کیلئے پانی کی قیمت مقرر کر دی گئی ہے، 10 لاکھ روپے فی کیوسک چارج ہوگا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے صاف کہہ دیا کہ عدالت کو کیوسک کیوسک کے کھیل میں نہ الجھایا جائے، پانی چوری کرنے والوں کو خمیازہ بھگتنا ہوگا، یہ نیب یا ایف آئی اے کا کیس بنتا ہے، اب ماضی میں غفلت کے ذمہ داروں کا بھی ٹرائل ہوگا، یہ نہیں چلے گا کہ وہ وقت گذر گیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق عدالت نے پنجاب حکومت کی فیکٹریوں کیلئے پانی کی قیمت درست قرار دیدی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ فیکٹری مالکان پانی کا متبادل بندوبست کر لیں، نومبر میں سیمنٹ فیکٹریوں کا پانی بند کر دیا جائیگا۔مزید سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی گئی

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں