اسلام آباد ،پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں گریجویشن تقریب کا انعقاد

اقوام عالم کے ساتھ اچھے تعلقات باہمی عزت و احترام کی بنیاد پر بنانے کے خواہاں ہیں، ڈاکٹر عارف علوی ہم وہ قوم ہیں جنہوں نے امن کی خا طر جان و مال کی عظیم قربانیاں دیں ، دنیا میں امن کے قیام کیلئے پر خلوص ہیں ، کبھی کسی ملک کو ہمارے اس جذبے کی غلط ترجمانی کی اجازت نہیں دیں گے، صدر مملکت کا پاس آئو ٹ ہونے والے کیڈٹس سے خطاب

جمعرات 18 اکتوبر 2018 18:29

اسلام آباد ،پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں گریجویشن تقریب کا انعقاد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) پاکستان ائیر فورس اکیڈمی اصغر خان میںجمعرات کو 140 جنرل ڈیوٹی پائلٹ،86 انجینئرنگ ،96 ائیر ڈیفنس،1 ایڈمنسٹریشن اینڈ سپیشل ڈیوٹیز اور 05 لاجسٹکس کورسزکی گریجویشن تقریب منعقد ہوئی۔ڈاکٹر عارف علوی ، صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ مہمانِ خصوصی کی اکیڈمی آمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ان کا خیر مقد م کیا۔

پاس آئو ٹ ہونے والے کیڈٹس سے خطاب کرتے ہو ئے صدر ِ پاکستان نے کہا کہ پاکستان کی فضائی حدود کے قابلِ فخر محافظ ہونے کی حیثیت سے پیشہ وارانہ صلاحیتیوں کو استعمال کر تے ہو ئے آپ نے غیر متزلزل جذبے کے سا تھ پاکستان ائیر فورس کو بانی پاکستان کے تصور کے مطابق ایک بہترین فضائیہ بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اور مستقل مزاجی اور انتھک محنت سے ہی آپ پاکستانی قوم کے اعتماد پر پورا اتر سکیں گے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اقوام عالم کے ساتھ اچھے تعلقات باہمی عزت و احترام کی بنیاد پر بنانے کے خواہاں ہیں۔ ہم وہ قوم ہیں جنہوں نے امن کی خا طر جان و مال کی عظیم قربانیاں دیں ۔ ہم دنیا میں امن کے قیام کیلئے پر خلوص ہیں اور کبھی کسی ملک کو ہمارے اس جذبے کی غلط ترجمانی کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور اس کے لیے ہمہ وقت تیارہیں۔

مسلح افواج کا درخشاں ماضی اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ ان بہادر سپوتوں نے اپنی ما درِ وطن کی حفاظت کے لئے جان کی بازی لگانے سے دریغ نہیں کیا ۔ پاک فضائیہ نے بہادری کی شاندار مثا لوں سے تاریخ رقم کی ہے اور یہ جنگ ہو یا امن کسی بھی مشکل کے سامنے سینہ سپر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اندرونی ااور بیرونی مشکلات کا شکار ہے اور ہمیں قوی یقین ہے کہ مربوط قومی لائحہ عمل سے ہم ان مشکلات پر قابو پا لیں گے ۔

بحیثیت قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میںہمارا کردار اہم رہا ہے۔جس کی بدولت علاقا ئی اور بین الاقوامی امن کے مواقع پیدا ہوئے ہیں ۔ ہماری مسلح افواج نے بہادر قوم کے شانہ بشانہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں اور ملک میں امن و امان بحال کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ پاک فضا ئیہ نے ملکی دفاع کا ایک اہم حصہ ہوتے ہوئے دہشت گرد وں کے ٹھکانوں کو کامیابی سے تباہ کر کے ان کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے جس سے ہمارا دشمن انتہائی کمزور ہو گیا ہے۔

اس تقریب میں کل107 ایوی ایشن کیڈٹس گریجویٹ ہوئے ۔مہمانِ خصوصی نے گریجویٹ ہونے والے کیڈٹس کو برانچ کا نشان اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔مہمان خصوصی نے نمبر 04سکواڈرن کو اکیڈمی کے چیمپین سکواڈرن ہونے پر قائداعظم بینر سے نوازا۔کالج آف فلائنگ ٹریننگ میں بہترین کارکردگی کی چیف آف دی ائیر سٹاف ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ فرحان خالد اعوان نے حاصل کی۔

جبکہ ایو ی ایشن کیڈٹ ونگ انڈر آفیسر طلحہ حسیب نے کالج آف فلائینگ ٹریننگ میں مجموعی طو ر پر بہترین کارکردگی کی اعزازی شمشیر حاصل کی ۔ جنر ل سروس ٹریننگ میں بہترین کارکردگی کی چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی ٹرا فی ایوی ایشن کیڈٹ اکیڈمی انڈر آفیسرشہریار احمد ملک نے حاصل کی۔ کالج آف ائیروناٹیکل انجینئرنگ میں بہترین کارکردگی کی چیف آف دی ائیر سٹاف ٹرافی اور مجموعی طو ر پر بہترین کارکردگی کی اعزازی شمشیر ایوی ایشن کیڈٹ ونگ انڈر ا ٓفیسر عبدالر حمان نے حاصل کی ۔

96 ائیر ڈیفنس کورس اور 21ویںایڈمنسٹریشن اینڈ سپیشل ڈیوٹیزکورس میں بالترتیب ایوی ایشن کیڈٹ بابر عبداللہ اور ایوی ایشن کیڈٹ صہیب احسن نے بہترین کارکردگی کی ٹرافی حاصل کی۔جبکہ 5 ویںلاجسٹک کورس میں مجموعی طو ر پر بہترین کارکردگی کی ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ ذیشان اشرف نے حاصل کی۔پریڈ کے اختتام پر پی اے ایف اکیڈمی کی" شیر دل فارمیشن" اور" بریو ہارٹس"نے مسحور کن مظاہرہ پیش کیا ۔ اس تقریب میں ڈپلومیٹس، اعلیٰ فوجی اور سول حکام ، غیر ملکی عہدیداران اور گریجو یٹ ہو نے والے کیڈٹس کے والدین اور مہمانوں نے شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں