سانحہ کار ساز کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ،شہیداء کی عظیم قربانی کی وجہ سے جمہوریت کا تابناک سورج طلوع ہوا، آصف علی زرداری

جمعرات 18 اکتوبر 2018 22:15

سانحہ کار ساز کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ،شہیداء کی عظیم قربانی کی وجہ سے جمہوریت کا تابناک سورج طلوع ہوا، آصف علی زرداری
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سانحہ کار ساز کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی عظیم قربانی کی بدولت جمہوریت کی فتح اور آمریت کو شکست ہوئی، پیپلز پارٹی نے ان شہیدوں کی قربانی کو باثمر کرتے ہوئے 1973ء کا آئین بحال کیا، 18 اکتوبر 2007ء کو کراچی شہر میں 30 لاکھ سے زیادہ عوام نے پاکستانی قوم پرست محترمہ بے نظیر بھٹو کے نظریہ کی تائید کی کہ قائداعظم اور قائد عوام کے پاکستان کو پرامن، جمہوری اور باوقار ملک بنائیں گے۔

اپنے پیغام میں سابق صدر نے سانحہ کارساز کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان شہیدوں کی عظیم قربانی کی وجہ سے جمہوریت کا تابناک سورج طلوع ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر 2007 ء کو وطن دشنموں نے کارساز کے مقام پر کارروان جمہوریت کی تاریخی ریلی پر حملہ کیا مگر پختہ عزم ، وفادار اور بہادر جیالوں نے اپنی جان کی قربانی دے کر اپنی عظیم لیڈر محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کا تحفظ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ان شہیدوں کی قربانی کو باثمر کرتے ہوئے پیپلز پارٹی نے 1973ء کا آئین بحال کیا، پارلیمنٹ کو بااختیار بنایا، صوبوں کو خود مختاری دی، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے عوام کو ان کی پہچان دی۔ انہوں نے کہا کہ آج ان شہیدوں کو خراج عقدیت پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے شدت پسندوں اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کارساز کے مقام پر شکست دے کر قوم کے سامنے اس حقیقت کو آشکار کیا کہ شدت پسند ہمارے اور ہمارے ملک کے دشمن ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں