اچھا اب آپ ٹی وی پر بیٹھ کر اس بات کا تذکرہ نہ کریں،یہ نہ ہو وزیراعظم پوچھ لیں کہ بزدار صاحب یہ کیا ہے

وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے پرتکلف تواضع کا ذکر کرنے پر معروف اینکر سعد اللہ نے عارف نظامی کو روکا تو عارف نظامی قہقہ لگا کر ہنس پڑے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 18 اکتوبر 2018 21:42

اچھا اب آپ ٹی وی پر بیٹھ کر اس بات کا تذکرہ نہ کریں،یہ نہ ہو وزیراعظم پوچھ لیں کہ بزدار صاحب یہ کیا ہے
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-18 اکتوبر 2018ء) : وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے پرتکلف تواضع کا ذکر کرنے پر معروف اینکر سعد اللہ نے عارف نظامی کو روکا تو عارف نظامی قہقہ لگا کر ہنس پڑے۔ تفصیلات کے مطابق جب سے نئی حکومت آئی ہے ،تب سے میڈیا غیرمعمولی صورتحال کا سامنا کررہا ہے۔اس وقت میڈیا ہاوسز کافی مشکلات کا شکار ہیں۔موجودہ حکومت سابق حکومت کی جانب سے دئیے گئے اشتہارات کے پیسے نہیں دے رہی جبکہ خود بھی اشہارات دینے کے حوالے سے کافی کنجوسی کا مظاہرہ کررہے ہیں جس کی وجہ میڈیا کو غیر معمولی حالات کا سامنا ہے۔

ڈالرز کی قیمت بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سے نیوز پرنٹ مہنگا ہورہا اور اخبارات اپنے صفحات کم کررہے ہیں۔اس ساری صورتحال کے باعث میڈیا ہاوسز شدید مشکلات کا شکار تھے اور انکی جانب سے میڈیا ورکرز کو نکالنے کا سلسلہ شروع ہوچکا تھا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز اس مسئلہ پر سی پی این ای اور اے پی این ایس کے ایک وفد نے وزیر اعظم سے ملاقات کی تو وزیر اعظم نے فوری ریلیف دینے کے لیے نیوز پرنٹ سے ڈیوٹی اٹھانے کا اعلان کیا مگر اشتہارات کے حوالے سے صاف کہہ دیا کہ ابھی حکومت کے معاشی حالات اچھے نہیں ہیں۔

اس موقع پر سی پی این ای کے صدر عارف نظامی بھی موجود تھے۔انہوں نے نجی ٹی وی پر بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ کل بھی وزیر اعظم کی جانب سے چائے اور ایک آدھے بسکٹ سے تواضع کی گئی جبکہ نواز شریف کے دور میں تو سموسے کباب اور متعدد ڈشز پیش کی جاتی تھیں۔عارف نظامی کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں آپکو بتا دوں کہ پنجاب کے گورنر ہاوس میں ایسا نہیں ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب بھی دوستوں کے لیے بڑی پرتکلف تواضع کا اہتمام کرتے ہیں۔

عارف نظامی یہ بات کررہے تھے کہ پروگرام کے اینکر نے انہیں روک دیا کہ اچھا اب آپ اس بات کو ٹی وی پر ڈسکس کرکے خان صاحب کا دھیان نہ ڈلوائیں ورنہ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سے پوچھ لینا ہے کہ بزدار صاحب یہ کیا ہورہا ہے۔یہ سن کر عارف نظامی نے بات تو ختم کر دی لیکن وہ اس برجستہ نکتے پر قہقہ لگا کر ہنس پڑے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں