آئی ایم ایف سے کم شرح سود پر قرض حاصل کیا جا سکتا ہے

چین بھی آئی ایم ایف پروگرام کے حصول کے لیے پاکستان کی مدد میں پیش پیش

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 19 اکتوبر 2018 11:18

آئی ایم ایف سے کم شرح سود پر قرض حاصل کیا جا سکتا ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اکتوبر 2018ء) : عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف سے کم شرح سود پر قرض کے حصول کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام کے حصول کے لیے پاکستان کا دیرینہ دوست ملک چین بھی پیش پیش ہے اور پاکستان کو اپنی مدد فراہم کر رہا ہے۔ پاکستان کے سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات سے مالی تعاون پرمذاکرات کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔

پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 2 ارب ڈالر سے کم ہوکر 1 ارب ڈالر ہونے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے جس کی وجہ برآمدات اور ترسیلات زر میں اضافہ ہے ۔ روپے کی قدر میں کمی اور بہترمالی پالیسیاں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم کرنے میں مدد گار ثابت ہوئیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اگست اور ستمبر میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی رقوم میں بھی اضافہ ہوا ۔

(جاری ہے)

اگست اور ستمبر میں درآمدات میں اعشاریہ 6 فیصد اضافہ ہوا۔ درآمدات میں اضافہ کی بنیادی وجہ عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہے ۔ علاوہ ازیں امریکی مالیاتی ادارے موڈیز نے تبصرہ کیا کہ آئی ایم ایف سے ملنے والا فنڈ پاکستان کی نئی حکومت کی مدد اور اس کی قرض لینے کی صلاحیت بہتر کرے گا،رواں مالی سال پاکستان کا جاری خسارہ 4.6 فیصد رہے گا۔

پاکستان کے آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے دو روز قبل نجی ٹی وی چینل پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ ملکی میعشت بیت جلد مضبوط ہونے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ پاکستان تیزی سے ترقی بھی کرے گا ، خوشحالی بھی آئے گی ، روزگار کے مواقع بھی ملیں گے اور انشاء اللہ پاکستان کی تاریخ کا یہ آخری آئی ایم ایف پروگرام ہو گا۔ یاد رہے کہ ملکی معاشی صورتحال کے پیش نظر پاکستان نے آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کا فیصلہ کر رکھا ہے جس کے لیے ضروری مشاورتیں جاری ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں