سول ایوی ایشن ملازمین نے ڈیم فنڈ میں رقم عطیہ کر دی

سول ایوی ایشن ملازمین نے ڈیم فنڈ کے لیے 14.685 ملین روپے عطیہ کیے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 20 اکتوبر 2018 13:46

سول ایوی ایشن ملازمین نے ڈیم فنڈ میں رقم عطیہ کر دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار، 20 اکتوبر 2018ء) :ملک بھر میں پانی کی قلت کو پورا کرنے کے لیے ڈیمز فنڈ قائم کیا گیا جس میں پاکستانیوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، یہی نہیں بلکہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں سے ڈیم فنڈ میں حصہ ڈالنے کی اپیل کے بعد یہ سلسلہ مزید تیز ہو گیا ۔ دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے قائم کئے جانے والے وزیراعظم چیف جسٹس ڈیم فنڈ میں عطیات جمع کروانے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ملازمین نے بھی ڈیم فنڈ میں رقم عطیہ کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ملازمین نے 14.685 ملین روپے ڈیم فنڈ میں جمع کروائے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے گریڈ ایس جی ون سے ایس جی الیون کے ملازمین نے اپنی ایک روز کی تنخواہ جبکہ ای جی ون سے ای جی ٹین کے ملازمین نے اپنی دو دن کی تنخواہ ڈیم فنڈ کے لیے عطیہ کی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ملازمین نے بھی دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیمز کے لیے قائم کردہ فنڈز میں 19 لاکھ 12 ہزار 9 سو 70 روپے کی رقم عطیہ کی۔ڈیم فنڈ کے لیے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے گریڈ 1 سے 15 کے ملازمین نے 1 دن اور گریڈ 16 سے 22 کے افسران نے 2 دن کی تنخواہ جمع کر وائی تھی۔ یاد رہے کہ دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے فنڈز جمع کرنے کے لیے بنک اکاؤنٹس مخصوص کیے گئے ہیں جس میں عطیے کی رقم جمع کروائی جا سکتی ہے۔اس بنک اکاؤنٹ کا ٹائٹل دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ 2018ء (''DIAMER-BHASHA AND MOHMAND DAM FUND –2018'') رکھا گیا ہے اور اکاؤنٹ نمبر 4-001-299999-593-03 ہے جبکہ آئی بی این نمبر PK06SBPP0035932999990014 ہے۔ جہاں ڈیمز کی تعمیر کے لیے عطیہ جمع کروایا جا سکتا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں