شاہد خاقان عباسی نے نہال ہاشمی کو ذہنی مریض قرار دے دیا

ذہنی توازن درست نہیں ہے اسکا کسی مینٹل ہسپتال سے معائنہ کرایا جائے،شاہد خاقان عباسی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 20 اکتوبر 2018 21:23

شاہد خاقان عباسی نے نہال ہاشمی کو ذہنی مریض قرار دے دیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-20 اکتوبر 2018ء) : سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے نہال ہاشمی کے متنازعہ بیانات کے بعد سابق سینیٹر کو ذہنی مریض قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سابق سینیٹر نہال ہاشمی نے گزشتہ روز ایک بار پھر کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کی۔نہال ہاشمی نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پر کوئی اور قابض بیٹھا ہوا ہے۔

آپ کے وسائل سے کوئی اور عیش کر رہا ہے۔آج ملک میں دو طرح کے لوگوں کے درمیان جنگ جاری ہے ایک تو قائداعظم کے وہ بیٹے ہیں جو ملک کو آگے لے کر جانا چاتے ہیں اور ایک وہ جو اپنی باتوں ،احکامات اور ہتھیاروں سے پاکستان کے لوگوں کے سینے کو چھلنی کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

نہال ہاشمی نے مزید کہا کہ ہمارے ملک کی 8لاکھ فوج نے ایک انچ زمین حاصل نہیں کی۔یہ صرف دکھانے کا ایٹم بم ہیں۔

صرف دکھانے کے لیے ایف 16رکھا ہوا ہے اس کو استعمال نہیں کر سکتے۔نہال ہاشمی نے کہا اسلحہ بھی صرف دکھانے کے لیے رکھا ہوا ہے۔تاہم اس حوالے سے نہال ہاشمی کا وضاحتی بیان آ گیا ہے۔نہال ہاشمی نے ایک بار پھر سارا ملبہ میڈیا پر ڈال دیا اور اپنے بیان سے مکر گئے۔انکا کہنا تھا کہ میں نے فوج کے خلاف بیان نہیں دیا اور میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔

انکا کہنا تھا کہ میں مانتا ہوں کہ فوج ہماری فوج ہے اور ہمارے فخر کا باعث ہے۔انکا کہنا تھا کہ میں نے ایف 16 اور ایٹم بم کی بات کسی اور تناظر میں کی تھی لیکن اس کو سیاق و اسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا ہے۔تاہم اس بیان کے بعد اپنے پرائے سب نے ہی نہال ہاشمی کو آڑے ہاتھوں لیا۔مسلم لیگ ن نے اس بیان سے اعلان لاتعلقی کرتے ہوئے کہا کہ نہال ہاشمی مسلم لیگ ن کا حصہ نہیں ہیں۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی نہال ہاشمی کے بیان پر تبصرہ کرتےہوئے نہال ہاشمی کو ذہنی مریض قرار دے دیا۔سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نہال ہاشمی ایک بیمار آدمی ہے اسکا ن لیگ سے کوئی تعلق نہیں۔ اسکا ذہنی توازن درست نہیں ہے اسکا کسی مینٹل ہسپتال سے معائنہ کرایا جائے۔انکا کہنا تھا کہ میں نہال ہاشمی کے بارے میں بس اتنا ہی کہوں گا ۔انہوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ نہال ہاشمی کا مسلم لیگ ن سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں