10 سے زائد ارکان اسمبلی کی کرپشن کا انکشاف

سابق اور موجودہ ارکان اسمبلی نے کم و بیش ایک ارب 30 کروڑ روپے کی کرپشن کی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 22 اکتوبر 2018 11:50

10 سے زائد ارکان اسمبلی کی کرپشن کا انکشاف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 اکتوبر 2018ء) : 10 سے زائد ارکان اسمبلی کی ایک ارب سے زائد کرپشن کا انکشاف ہوا ہے، اور اس کرپشن کی ابتدائی تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں۔ قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ کرپشن کرنے والے سابق اور موجودہ ارکان اسمبلی میں لیگی ارکان بھی شامل ہیں جن کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ لیگی ارکان اسمبلی کی ایک ارب 30 کروڑ روپے کی یہ کرپشن صرف ایک مالی سال کے عرصہ کی ہے۔

کرپشن کرنے والوں میں 9 سابق اور 3 موجودہ اراکین اسمبلی شامل ہیں جوکہ 25 جولائی 2018ء کو ہونے والے عام انتخابات میں دوبارہ منتخب ہوئے۔ اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ نے کافی حد تک ان اراکین کی کرپشن کے متعلق ریکارڈ بھی حاصل کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق یہ کرپشن بڑے ترقیاتی منصوبوں میں سے کمیشن اور سرکاری اسپتالوں میں مشینری و ادویات کی خریداری میں کی گئی ۔

سوا ارب روپے سے زائد رقم کی کرپشن میں ایک سابق صوبائی وزیر بھی ملوث رہے، جنہوں نے نئے تعمیر ہونے والے ایک سرکاری اسپتال میں خوب کرپشن کی۔ مسلم لیگ ن کے ایک سابق رکن صوبائی اسمبلی ، جو کہ ایک سرکاری ادارہ کے بھی چیئرمین تھے، نے صرف ایک سال میں اکیلے ہی نہ صرف 20 کروڑ سے زائد کی کرپشن کی، بلکہ اس وقت کے وزیر اور اپنے باس کو بھی کروڑوں روپے کما کر دئیے اور یہ تمام کمائی نجی ہاؤسنگ کالونیوں کے قانونی معاملات میں کی گئی۔

ایک سابق رکن قومی اسمبلی، جو خود تو اس وقت اپوزیشن اور مختلف اداروں پر سخت زبان کے استعمال میں لگے رہے ، کے صاحبزادے نے بھی جی بھر کر نوٹ چھاپے اور مختلف ترقیاتی منصوبوں میں خوب کرپشن کر کے پیسے کمائے۔ اس معاملے میں حیران کن بات یہ ہے کہ اینٹی کرپشن نے مسلم لیگ ن کے جن اراکین اسمبلی کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر رکھا ہے ان میں ایک ایسے سابق رکن قومی اسمبلی بھی شامل ہیں جن کی شرافت کا خوب چرچا ہے اور انہیں سب سے شریف تصور کیا جاتا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن نے ان تمام اراکین کے خلاف تحقیقات مکمل کرکے ان کے کیسز نیب کو بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد باقی سابق اراکین اسمبلی کے خلاف بھی انکوائریز کی جائیں گی۔ نیب نے مستقبل قریب میں کئی اہم شخصیات کے خلاف کارروائیوں اور کئی اہم سیاسی شخصیات کی گرفتاریوں کا عندیہ دے رکھا ہے۔ ایسے میں کئی اراکین اسمبلی کو جان کے لالے پڑ گئے ہیں، اپنی کرپشن کو چھُپانے کے لیے سابق اور موجودہ اراکین اسمبلی بلا جواز ہی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ حکومت کے خلاف پراپیگنڈہ کر رہے ہیں کہ کسی طرح حکومت کو متنازعہ بنایا جائے اور یہ تاثر پیدا کیا جائے کہ نیب اور حکومت کو گٹھ جوڑ ہے اور موجودہ حکومت سیاسی انتقام کے لیے نیب سے یہ سب کارروائیاں کروارہی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں