پٹرول 6 روپے فی لٹر مہنگا کرنے کی تیاریاں

ملک میں پٹرول بحران کا خدشہ ، حکومت نے شرائط نہ مانیں تو ٹینکر مالکان نے چابیاں ایسوسی ایشن دفاتر میں جمع کروانے کی دھمکی دے دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 22 اکتوبر 2018 12:20

پٹرول 6 روپے فی لٹر مہنگا کرنے کی تیاریاں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 اکتوبر 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے پہلے 60 روز میں عوام پر مہنگائی کا بوجھ بڑھا جس کے ضمنی انتخاب پر منفی اثرات مرتب ہوئے تاہم اب حکومت نے ایک مرتبہ پھر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تیاری کر لی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7 روپے فی لٹر تک کے اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب آئل ٹینکر مالکان نے بھی پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی روک دی ہے جس سے ملک بھر میں پٹرول کی قلت پیدا ہونے کا امکان ہے۔ ٹینکر مالکان کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے ہماری شرائط تسلیم نہ کیں تو گاڑیوں کی چابیاں ایسوسی ایشن دفاتر میں جمع کروا دیں گے۔ یہ تمام مہنگائی ملک میں ڈالر کی اُونچی اُڑان کی وجہ سے کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ایک رپورٹ کے مطابق ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافے سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7 روپے فی لٹر جبکہ پٹرول کی قیمت میں 6 روپے تک اضافہ ہو سکتا ہے۔

یہی نہیں گھی اور کھانے پکانے کے تیل سمیت چائے کی پتی 15 سے 25 روپے فی کلو تک مہنگی ہونے کا امکان ہے جبکہ چھوٹے بچوں کے لیے دودھ کے ڈبے، کھانے پینے کی اشیاء اور ڈائپرز کی قیمتیں بھی بڑھ جائیں گی۔ درآمد شدہ گاڑیوں کی قیمتوں میں 50 ہزار روپے سے 5 لاکھ اور موٹرسائیکل کی قیمت میں تین ہزار روپے تک اضافے کا امکان ہے جبکہ موبائل فونز کی قیمت میں بھجی تین فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

گذشتہ تین ماہ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 5 ارب 41 کروڑ ڈالر پاکستان بھجوائے جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 4 ارب 74 کروڑ ڈالر بھیجے تھے۔ بجلی کی قیمت میں بھی فی یونٹ 3 روپے 75 پیسے اضافے کی سمری پیش کی گئی تھی لیکن وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ہونے والے اقتصادی مشاورتی کونسل کے اجلاس میں فی الحال بجلی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ موخر کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ اجلاس میں بھی وزارت خزانہ نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی سمری موخر کر دی تھی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں