وفاقی حکومت میں شامل 3 وزراءپر کرپشن کا الزام

کسی وزیر کے خلاف کرپشن کی تحقیقات نہیں چل رہی . فواد چوہدری

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 22 اکتوبر 2018 12:22

وفاقی حکومت میں شامل 3 وزراءپر کرپشن کا الزام
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 22 اکتوبر۔2018ء) وفاقی حکومت میں شامل 3 وزراءپر کرپشن کا الزام سامنے آگیا‘جس پر وزیر اعظم نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے. نجی ٹی وی نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے وزراءکے کرپشن میں ملوث ہونے کا انکشاف جمعرات کو کابینہ اجلاس کے دوران کیا. وزیر اعظم عمران خان نے تمام سرکاری افسروں کو کابینہ اجلاس والے کمرے سے نکالنے کے بعد وزراءسے خطاب کرتے ہوئے کہا وزراءکی کرپشن کے بارے میں ابتدائی رپورٹس موصول ہو چکی ہیں.

الزامات ثابت ہونے پر وہ کسی قسم کی گنجائش نہیں رکھیں گے اور کرپٹ وزرا کو برطرف کریں گے. انہوں نے کہا کہ میری کرپشن کے خلاف 22 سالہ جدوجہد ہے اور میں اس پر سمجھوتہ نہیں کروں گا. اجلاس میں وفاقی وزرا، وزرائے مملکت، معاونین خصوصی اور مشیر موجود تھے. عمران خان نے کرپشن الزامات کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کے انکشاف پر کابینہ روم کے شرکا پر سکتہ طاری ہو گیا.

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کسی وزیر کے خلاف کرپشن کی تحقیقات نہیں چل رہی ،انہوں نے اس متعلق شائع ہونے والی خبر کی سختی سے تردید کی ہے. فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے کسی ایسی تحقیقات کا نہیں کہا گیا، انہوں نے ہمیشہ زور دیا ہے کہ وہ کسی قسم کی کرپشن کو برداشت نہیں کریں گے. وفاقی وزیر اطلاعات نے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ جس طرح کی اخبار میں ہیڈ لائن دی گئی ہے یہ بات غیر اخلاقی ہے ، حکومت کا موقف لیے بغیر ایسی خبر صحافتی تقاضوں کے منافی ہے.

واضح رہے کہ شائع شدہ اخباری خبر کے مطابق عمران خان نے کابینہ اجلاس میں وزراءسے کہا تھا کہ انہیں 3 وزراءکی کرپشن کے بارے میں ابتدائی رپورٹس موصول ہو چکی ہیں، الزامات کی تحقیقات کاحکم دے دیا ہے اور الزامات ثابت ہونے پر وہ کسی قسم کی گنجائش نہیں رکھیں گے اور کرپٹ وزراءکو برطرف کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں