وزیراعظم کے نیا پاکستان اپنا گھر ہاؤسنگ پروگرام کا آغاز ہو گیا

ملک بھر میں منصوبے کی شاندار عوامی پذیرائی، نادرا کے مقرر کردہ سینٹرز پر صبح سے ہی لوگوں کا تانتا بندھ گیا، فارم 60 دنوں تک بشمول ہفتہ اتوار جمع کرائے جا سکیں گے اسلام آباد، فیصل آباد، کوئٹہ، سکھر، سوات، مظفرآباد، گلگت میں رجسٹریشن 21 دسمبر تک جاری رہے گی

پیر 22 اکتوبر 2018 14:46

وزیراعظم کے نیا پاکستان اپنا گھر ہاؤسنگ پروگرام کا آغاز ہو گیا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) وزیراعظم کے نیا پاکستان اپنا گھر ہاؤسنگ پروگرام کاآغاز ہو گیا ہے، ملک بھر میں اس منصوبے کو شاندار عوامی پذیرائی ملی ہے اور لوگوں کی اس منصوبے میں گہری دلچسپی کے باعث نادرا کے مقرر کردہ سینٹرز پر صبح سے ہی لوگوں کا تانتا بندھ گیا۔ نادرا کی طرف سے جاری بیان کے مطابق عوام کی سہولت کے پیش نظر فارم 60 دنوں تک بشمول ہفتہ اتوار جمع کرائے جا سکیں گے۔

ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سہولت کے پیش نظر منتخب کردہ ضلعی ہاؤسنگ پروگرام آفس میں تشریف لائیں تاکہ رش کہ باعث ان کو کسی قسم کی زحمت اٹھانی نہ پڑے۔ ہاؤسنگ پروگرام کا یہ پہلا مرحلہ ہے جس میں سات مختص اضلاع میں اپنا گھر بنانے کے خواہشمند حصہ لیں گے۔

(جاری ہے)

خاندان میں صرف ایک ہی فرد کی رجسٹریشن قبول کی جائے گی۔ نادرا کے بلیو ایریا میں میگا سینٹر کے باہر صبح سے ہی لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی اور خواتین اور مردوں کی الگ الگ لمبی قطاریں لگ گئیں، مقامی پولیس اور نادرا کا سکیورٹی سٹاف عوام کو کنٹرول کرنے کے لئے متحرک رہا۔

نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے پہلے مرحلہ میں اسلام آباد سمیت 7 شہروں میں رجسٹریشن کا آغاز کیا گیا ہے، وفاقی دارالحکومت میں تین مراکز قائم کر دیئے گئے ہیں۔ پہلے مرحلہ میں اسلام آباد، فیصل آباد، کوئٹہ، سکھر، سوات، مظفرآباد اور گلگت میں کم آمدنی والے افراد کے لئے رجسٹریشن کا آغاز کیا گیا جو 21 دسمبر تک جاری رہے گا۔ دیگر اضلاع میں رجسٹریشن کا اعلان 21دسمبر کے بعد کیا جائے گا۔ کوئٹہ اور اسلام آباد میں تین تین مراکز پر رجسٹریشن ہوگی۔ رجسٹریشن فارم کے ہمراہ 250روپے فیس جمع کرانی لازمی ہوگی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں