چودھری نثار علی خان کا سیاست میں واپسی کا فیصلہ

سابق وفاقی وزیر رانا تنویر سے ملاقات کی، سیاسی امور پر تبادلہ خیال ، جلد سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 22 اکتوبر 2018 14:55

چودھری نثار علی خان کا سیاست میں واپسی کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 اکتوبر 2018ء) : مسلم لیگ ن کے منحرف رہنما چودھری نثار علی خان نے سیاست میں دوبارہ انٹری کا فیصلہ کر لیا ہے تفصیلات کے مطابق چودھری نثار علی خان نے سابق وفاقی وزیر رانا تنویر سے ایک طویل ملاقات کر کے اپنی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال اور پارٹی کے اندرونی معاملات سمیت سیاسی اور تنظیمی معاملات پر بات کی گئی۔

چودھری نثار علی خان نے وطن واپسی پر اپنے دونوں حلقوں کے نمائندہ افراد سے ملاقات کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ چودھری نثار علی خان بہت جلد قومی اسمبلی کے دونوں حلقوں سے اہم شخصیات کو بُلا کر اپنے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ یاد رہے کہ چودھری نثار علی خان 14 اکتوبر کو پاکستان پہنچے۔

(جاری ہے)

چودھری نثار علی خان کی وطن واپسی پر امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ اپنی جیتی ہوئی نشست پر حلف اُٹھائیں گے اور عملی سیاست میں حصہ لیں گے۔

واضح رہے کہ چودھری نثار علی خان نے پارٹی قیادت سے اختلافات کی وجہ سے آزاد حیثیت میں عام انتخابات 2018ء میں حصہ لیا تھا۔ عام انتخابات سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما چودھری نثار علی خان نے پارٹی قیادت کے خلاف علم بغاوت بلند کرتے ہوئے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا۔چودھری نثار علی خان نے عام انتخابات 2018ء میں چار نشستوں سےحصہ لیا جس میں دو نشستیں قومی اسمبلی جبکہ دو صوبائی اسمبلی کی تھیں۔

چودھری نثار علی خان کو قومی اسمبلی کی دو نشستوں این اے 59 اور این اے 63 سے اور صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 12 سے شکست کا سامنا ہوا، جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 10 سے چودھری نثار علی خان کامیاب قرار پائے لیکن چودھری نثار علی خان نے پنجاب اسمبلی میں حلف نہیں اُٹھایا اور نہ ہی اسپیکر ، ڈپٹی اسپیکر اور وزیراعلیٰ کے انتخاب میں حصہ لیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ چودھری نثار علی خان لندن میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ مقیم ہیں اور وہیں رہیں گے لیکن 14 اکتوبر کو چودھری نثار علی خان کی وطن واپسی نے سیاسی پنڈتوں کے تمام اندازے غلط ثابت کر دئے۔لندن سے وطن واپسی سے قبل چودھری نثار علی خان نے سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کی تھی۔ ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ آئندہ کچھ دنوں میں چودھری نثار علی خان مسلمم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے بھی ملاقات کریں ، ملاقات میں بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت کے ساتھ ساتھ چودھری نثار علی خان اپنے رویے اور بیانات کے لیے نواز شریف سے معذرت بھی طلب کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں