عمران خان وزیراعظم ہائوس کو یونیورسٹی بنا کر دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہماری اولین ترجیح تعلیم ہے،

نیکی اور بھلائی کے کاموں میں الله اپنے بندوں کی مدد کرتا ہے، ہم میں سے ہر ایک کو اپنے حصہ کی شمع روشن کرنی چاہئے، اگر ہم ووکیشنل ٹریننگ اور اس سے متعلقہ اداروں کے ذریعے نوجوان نسل کو زیادہ سے زیادہ ہنرمندی کی تربیت دیں تو ایک کروڑ لوگوں کو روزگار دینے کا سنگ میل عبور کیا جا سکتا ہے وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کا مسلم ہینڈز کے زیر اہتمام ووکیشنل ٹریننگ ایجوکیشن اینڈ سکل ڈویلپمنٹ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب

پیر 22 اکتوبر 2018 17:53

عمران خان وزیراعظم ہائوس کو یونیورسٹی بنا کر دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہماری اولین ترجیح تعلیم ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ عمران خان وزیراعظم ہائوس کو یونیورسٹی بنا کر دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہماری اولین ترجیح تعلیم ہے، نیکی اور بھلائی کے کاموں میں الله اپنے بندوں کی مدد کرتا ہے، ہم میں سے ہر ایک کو اپنے حصہ کی شمع روشن کرنی چاہئے، اگر ہم ووکیشنل ٹریننگ اور اس سے متعلقہ اداروں کے ذریعے نوجوان نسل کو زیادہ سے زیادہ ہنرمندی کی تربیت دیں تو ایک کروڑ لوگوں کو روزگار دینے کا سنگ میل عبور کیا جا سکتا ہے۔

وہ پیر کو یہاں مسلم ہینڈز کے زیر اہتمام ووکیشنل ٹریننگ ایجوکیشن اینڈ سکل ڈویلپمنٹ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میرا مسلم ہینڈ انٹرنیشنل اور ان کے چیئرمین کے ساتھ 1990ء سے تعلق ہے، میں بطور وزیر نہیں بلکہ ان کے ایک ساتھی کی حیثیت سے آیا ہوں، اس تنظیم کی کارکردگی 2005ء کے زلزلہ میں جو رہی ہم اس کے گواہ ہیں، اس تنظیم نے ملک کے تمام متاثرہ علاقوں میں کام کیا، اس طرح 2010ء کے سیلاب کے موقع پر مسلم ہینڈ نے ایمرجنسی ریلیف اور بحالی کیلئے کام کیا اور اب تک تعمیری پروگراموں پر عملدرآمد جاری ہے، ایجوکیشن کمپلیکس آف وزیرآباد اور ملک کے مختلف حصوں میں سنٹر آف ایکسیلینس اسی ادارے کے شاندار کارنامے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سیمینار میں حکومتی اداروں کی نمائندگی دیکھ کر محسوس کیا جا سکتا ہے کہ تبدیلی آ نہیں رہی بلکہ آ گئی ہے، وزیراعظم نے کہا ہے کہ ایک کروڑ بیروزگاروں کو روزگار دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب اقتصادی حالات ناگفتہ بہ ہوں اور ادارے بیٹھ رہے ہوں تو وہاں روزگار دینا مشکل ہوتا ہے، اگر ہم ووکیشنل ٹریننگ اور اس سے متعلقہ اداروں کے ذریعے نوجوان نسل کو زیادہ سے زیادہ ہنرمندی کی تربیت دیں تو یہ سنگ میل عبور کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے حدیث مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہاتھ سے روزی کمانے والا الله کا دوست ہے، اسی طرح شیخ سعدی نے بھی کہا ہے کہ ایسا کمال کا ہنر سیکھو کہ لوگ تمہیں عزیز تصور کریں اور عزت دیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنی نوجوان نسل کو ہنرمند بنانے کیلئے سرگرم ہو جائیں تو ہم اپنے اہداف حاصل کر سکتے ہیں، جو ادارہ الله کی مخلوق کو فائدہ اور خیر دینے والا کام کرتا ہے الله اپنے ایسے بندوں کی مدد کرتا ہے اور وہ لوگ کبھی رسوا نہیں ہوتے، الله کی مخلوق کے ساتھ شفقت اور محبت ایک بڑا کام ہے، الله نے ان کاموں میں اتنا اجر رکھا ہے کہ شاید وہ مسجدوں میں نہ ملے، ان حالات میں جو لوگ اپنے حصہ کی روشنی دیتے ہیں اور چراغ جلاتے ہیں ہمیں بھی اپنے حصہ کی شمع روشن کرنی چاہئے۔

نور الحق قادری نے کہا کہ موجودہ حکومت جب مافیاز کی گردن پر ہاتھ ڈالتی ہے تو ہر طرف ایک چیخ و پکار اٹھتی ہے جو ہم رات کو 8 بجے پروگراموں میں سنتے ہیں، عمران خان کے فیصلوں پر تو اعتراض کیا جا سکتا ہے مگر عمران خان کے مقصد اور ان کی نیک نیتی ہر قسم کے شک و شبہ سے بالاتر ہے، ان کا اپنے رب پر یقین ہے، اس پر کوئی اعتراض نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کا بیس، بیس سالوں کا تجربہ لوٹ مار کا تجربہ تھا، ان کے اس تجربہ سے عمران خان کی ناتجربہ کاری زیادہ بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہائوس کو یونیورسٹی بنانے کے فیصلہ پر بھی بہت سے ایسے اہل علم کو بھی اعتراض ہے اس عمارت کو تعلیمی مقصد کیلئے وقف کرنا درحقیقت ایک ایسا پیغام دینا ہے کہ دنیا یہ محسوس کرے کہ تعلیم ہی ہماری اولین ترجیح ہے، وزیراعظم ہائوس کو ہم ہائی ٹیک یونیورسٹی دیکھنا چاہتے ہیں، انشاء الله حکومت اور اس کے تمام ادارے مسلم ہینڈز کے ساتھ تعاون میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں