وزیراعظم عمران خان 2 روزہ سرکاری دورے سعودی عرب روانہ ہو گئے

وزیراعظم عمران خان سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر’’ مستقبل میں سرمایہ کاری کے مواقع" کے عنوان سے ایک بین الاقومی کانفرنس میں شرکت کریںگے، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرِ خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں

پیر 22 اکتوبر 2018 18:10

وزیراعظم عمران خان 2 روزہ سرکاری دورے سعودی عرب روانہ ہو گئے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) وزیراعظم عمران خان پیر کی سہ پہر 2 روزہ سرکاری دورے سعودی عرب روانہ ہو گئے۔ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرِ خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔ وزیراعظم عمران خان سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پرسرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کیلئے سعودی عرب کا دو روزہ دورہ کر رہے ہیں۔

وہ ریاض میں’’ مستقبل میں سرمایہ کاری کے مواقع" کے عنوان سے ایک بین الاقومی کانفرنس میں شرکت کریںگے۔عمران خان کو دورے کی دعوت خاص طور پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دی ہے۔کانفرنس میں دنیا بھر سے ممتاز کاروباری شخصیات، سرمایہ کار، بڑی کاروباری کمپنیوںاور ہائی ٹیک انڈسٹری کے نمائندگان شرکت کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

کانفرنس کو "صحرا میں ڈیوس" کا نام دیا گیا ہے۔

یہ کانفرنس ان اہم کاروباری رہنماوں کے ساتھ رابطے کاموقع فراہم کرے گی جو پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں۔وزیراعظم عمران خان سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کریں گے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کانفرنس کے دوران پاکستان کے حوالے سے منعقدہ سیشن میں شرکت اور خطاب کریں گے۔ اس سیشن کا عنوان "پاکستان علاقائی ترقی اور استحکام کا مرکز" ہے۔ شرکاء اور سامعین میں دنیا بھر کی مشہور کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوز اور ان کے نمائندے شامل ہوںگے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں