حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے، شہریار آفریدی

ماضی میں ملک پرقرضوںکا بوجھ لاد دیا گیا ،کسی نے غریبوںکا نہیں سوچا، پیسہ مستحکم نہ ہونے سے غریب آدمی گھر نہیں بنا سکتا، نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام عوام کے خوابوں کی تعبیر ہے، منصوبے کی ریگولیٹری باڈی جلد بنائی جائیگی، تنقید کرنا اور مذاق اڑانا بہت آسان، کام کرکے دکھانا مشکل ہے،عوام اعتماد رکھیں ان کے حق حلال کی کمائی کی ایک ایک پائی کے ذمہ دار ہیں، وزیر مملکت کا نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم پروگرام کے افتتاح کے موقع پر خطاب

پیر 22 اکتوبر 2018 18:16

حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے، شہریار آفریدی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2018ء) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے، ملک میں ایک کروڑ گھروں کی ضرورت ہے، ہر سال پانچ لاکھ گھر بنانے ہونگے، ماضی میں ملک پرقرضوںکا بوجھ لاد دیا گیا ،کسی نے غریبوںکا نہیں سوچا، پیسہ مستحکم نہ ہونے سے غریب آدمی گھر نہیں بنا سکتا،پاکستان پرسب کا حق ہے، لوگ اپنے گھر کیلئے ترس رہے تھے، نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام عوام کے خوابوں کی تعبیر ہے، منصوبے کی ریگولیٹری باڈی جلد بنائی جائیگی، تنقید کرنا اور مذاق اڑانا بہت آسان، کام کرکے دکھانا مشکل ہے،عوام اعتماد رکھیں ان کے حق حلال کی کمائی کی ایک ایک پائی کے ذمہ دار ہیں۔

وزیر مملکت نے یہ بات پیر کو نادرا میگا سنٹر بلیو ایریا میں نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم پروگرام کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت شہریار آفریدی نے کہاکہ یہ وزیراعظم عمران خان اور نئے پاکستان کا ایسا منصوبہ ہے جو ایسے پاکستانیوں کے لئے شروع کیا گیا ہے جن کو کبھی اپنا نہیں سمجھا گیا اور گلے نہیں لگایا گیا، ان کو قوانین کی آڑ میں تنگ کیا اور ستایا گیا لیکن ان کے لئے آسانیاں نہیں پیدا کی گئیں۔

ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے کہ اسے ایک ایسی چھت میسر آئے جس کے نیچے وہ باعزت طریقے اپنی زندگی گزار سکے۔ انہوں نے کہاکہ عام آدمی کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے۔ وہ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور سسک سسک کر زندگی گزار رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔ ملک میں ایک کروڑ گھروں کی ضرورت ہے، ہر سال پانچ لاکھ گھر بنانے ہوں گے۔

ماضی میں ملک پرقرضوںکا بوجھ لاد دیا گیا اور کسی نے غریبوںکا نہیں سوچا۔ پیسہ مستحکم نہ ہونے کی وجہ سے غریب آدمی گھر نہیں بنا سکتا۔ ہم آزمائش اور مشکل دور سے گزر رہے ہیں لیکن عام آدمی کی مشکلات میں آسانی کے لئے سوچیں گے تو راستے بھی خودبخود بنیں گے۔ پاکستانی قوم جفاکش اور محنت کش ہے اور اس انتظارمیں تھی کہ انہیں اپنا سمجھا جائے۔

نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کے تحت ون ونڈو سروس کے ذریعے کم ترین قیمت میں عوام کوسہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ منصوبے کی مقبولیت اور ضرورت کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ نادرا کے دفاتر کے باہر رات سے ہی لائنیں لگنا شروع ہو گئیں۔ تنقید کرنا اور مذاق اڑانا بہت آسان، کام کرکے دکھانا مشکل ہے۔ جب ہم حق اور سچ کے راستے پر ہوں گے تو اللہ تعالیٰ مدد کرے گا۔

اس منصوبے سے ہنرمند، نیم ہنرمند اور غیرہنرمند افرادی قوت کو روزگار ملے گا اور عوام کا ریاست پر اعتماد بڑھے گا۔ انہوں نے کہاکہ نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کی ریگولیٹری باڈی جلد بنے گی۔ عوام اعتماد رکھیں ان کے حق حلال کی کمائی کی ایک ایک پائی کے ہم ذمہ دار ہیں۔ پاکستان سب کا ہے اور تمام طبقات کا اس پر حق ہے۔ حکومت نے اپنے پہلے 100 دن میں یہ ایسا منصوبہ شروع کیا ہے جس کے لئے عوام ترس رہے تھے۔

ضروریات زندگی مہنگی ہو گئی ہیں۔ بیروزگاری عام ہے اور نوجوان پریشان ہیں۔ ہم یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہیں اور انشاء اللہ قوم کی تائید اور اعتماد سے یہ کام کرکے دکھائیں گے اور ایسا پاکستان بنائیں گے جس کا خواب قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال نے دیکھا تھا۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ ہر پاکستانی قوم کو عظیم تر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف نے کے پی کے میں 2013ء کے مقابلہ میں حالیہ الیکشن میں دوگنے ووٹ حاصل کئے۔ 2023ء کے الیکشن میں پورے پاکستان میں اس سے زیادہ کامیابی حاصل کریں گے۔ قبل ازیں انہوں نے فیتہ کاٹ کر سکیم کا افتتاح کیا اورفارم جمع کرانے کے لئے آئے شہریوں سے بات چیت کرکے ان کی مشکلات کا جائزہ لیا اور نادرا حکام کو شہریوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں