وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی بھارتی فوج کے ہاتھوں 10 معصوم کشمیریوں کے بہیمانہ قتل کی مذمت

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، پاکستان مقبوضہ کشمیر کے اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کے حوصلے اور عزم کو سلام پیش کرتا ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

پیر 22 اکتوبر 2018 20:30

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی بھارتی فوج کے ہاتھوں 10 معصوم کشمیریوں کے بہیمانہ قتل کی مذمت
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں 10 معصوم کشمیریوں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں قابض افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سخت نوٹس لے۔ پیر کو وزارت خارجہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے ریاستی دہشت گردی جاری ہے، مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو نشانہ بنا کر انہیں ان کے تسلیم شدہ حق خودارادیت کی جدوجہد سے روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے، پاکستان مقبوضہ کشمیر کے اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے اور وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حوصلے اور عزم کو سلام پیش کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر فوری اقدام اٹھانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری سے اپیل کرتا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ پر موثر اقدامات اٹھائے جبکہ بھارت پر زور دیا جائے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت گری روکے اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کو تحقیقات کے لئے مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت دے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں