لٹیروں کا ایک ٹولہ اکٹھا ،ذہنی طور پر ڈی چوک سے ابھی تک نہیں ہٹا ، مریم اورنگزیب

حکومت کے 100 دن پورے ہونے کا انتظار مکمل ہونے پر حکومت کا حساب کتاب شروع ہو جائے گا ،میڈیا سے گفتگو

پیر 22 اکتوبر 2018 20:57

لٹیروں کا ایک ٹولہ اکٹھا ،ذہنی طور پر ڈی چوک سے ابھی تک نہیں ہٹا ، مریم اورنگزیب
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2018ء) مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لٹیروں کا ایک ٹولہ اکٹھا ہو گیا ہے جو ذہنی طور پر ڈی چوک سے ابھی تک نہیں ہٹا اور وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھے نہیں، وزیر اعظم کرسی کی جگہ اگر ایک کنٹنیر رکھ لیں تو ان کی کارکردگی بہتر ہو جائے گی ۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کے 65 دن مکمل ہو گئے ہیں ہمیں حکومت کے 100 دن پورے ہونے کا انتظار ہے جونہی 100 دن مکمل ہوں گے حکومت کا حساب کتاب شروع ہو جائے گا اور تب انہیں حقیقی اپوزیشن کا بھی علم ہو جائے گا کہ اپوزیشن ہوتی کیا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ہر طرف سے آوازیں آنا شروع ہو گئی ہیں ۔

آصف زرداری کی طرف سے بھی بیان آ گیا ہے جبکہ دیگر اپوزیشن جماعیتیں اور حکومت کے اپنے حمایتی ہی رائے دے رہے ہیں کہ حکومت نااہل ثابت ہو چکی ہے ۔

(جاری ہے)

مہنگائی نے غریب لوگوں کا جینا دوبھر کر دیا لوگوں کے گھروں پر ڈاکہ برداشت نہیں کریں گے ۔ مہنگائی سے غریب لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں مگر ہم غریب لوگوں کے ساتھ ہیں۔ حکومت کو گیس اور بجلی مہنگی نہیں کرنے دیں گے انہوں نے مزید کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی کے بیان پر نیب کا خاموش رہنا نیب کو متنازعہ بنا رہا ہے ۔ نیب کی خاموشی ظاہر کرتی ہے کہ عمران خان اور نیب کا گٹھ جوڑ ہے اور نیب کو ایک بار پھر سیاسی انتقام کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے ۔ ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں