وزیر ب انسانی حقوق نے سی پیک سے متعلق غیر سنجیدہ باتوں کو مضحکہ خیز قراردیدیا

حکومت اربوں ڈالر کے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ پر عملدرآمد کیلئے پرعزم ہے حکومت محنت کش خواتین کے حقوق کے تحفظ اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے قانون سازی کیلئے اقدامات کر رہی ہے، پاک، چین انسٹیٹیوٹ کے زیراہتمام تقریب سے شیریں مزاری کا خطاب

پیر 22 اکتوبر 2018 22:35

وزیر ب انسانی حقوق نے سی پیک سے متعلق غیر سنجیدہ باتوں کو مضحکہ خیز قراردیدیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2018ء) وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے سی پیک سے متعلق غیر سنجیدگی کی باتوں کو مضحکہ خیز قراردیدیا ہے ۔ سی پیک میں خواتین کے کردار کے مونو گراف کے اجراء کے موقع پر پاک، چین انسٹیٹیوٹ کے زیراہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شیریں مزاری نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک سے متعلق غیر سنجیدگی کی باتیں مضحکہ خیز ہیں، حکومت اربوں ڈالر کے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ پر عملدرآمد کیلئے پرعزم ہے، حکومت محنت کش خواتین کے حقوق کے تحفظ اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے قانون سازی کیلئے اقدامات کر رہی ہے، سی پیک منصوبوں میں خواتین کی فعال شمولیت سے ہی اسے گیم چینجر بنانے کا خواب شرمندہٴ تعبیر ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک میں خواتین کے کردار پر رپورٹ کا اجراء بروقت ہوا ہے، رپورٹ میں مستقبل میں خواتین کیلئے سی پیک میں یکساں مواقع پر جامع حقائق اور اعداد و شمار دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گھریلو اور محنت کش خواتین کیلئے محفوظ اور مناسب ماحول کی فراہمی کے مؤثر قانون سازی کی ضرورت ہے،۔آئی ایل او کے ساتھ سات کنونشن پر دستخط کئے ہیں، موجودہ حکومت آئی ایل او کنونشن پر عملدرآمد سمیت محنت کش خواتین کے حقوق کے تحفظ پر قانون سازی کر رہی ہے، سابق حکومتوں نے اس حوالہ سے کوئی اقدامات نہیں کئے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو فعال کئے بغیر سی پیک کے گیم چینجر ہونے کا خواب پورا نہیں ہو سکتا، خواتین کو سی پیک منصوبوں سے مستفید ہونے کیلئے فنی تربیت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سے متعلق غیر سنجیدگی کی باتیں مضحکہ خیز ہیں، پاکستان سی پیک منصوبوں میں بہتری کیلئے پر پرعزم ہے، سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطہ کیلئے ترقی و خوشحالی کی نوید ہے۔

ایک اور بیان میں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع کلگام میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران بیگناہ کشمیریوں کے بہیمانہ قتل عام کی شدید مذمت کی ہے۔ پیر کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے جو کہ قابل مذمت ہے، پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیلئے کمیشن کے قیام کیلئے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل پر دبائو ڈالنا چاہئے۔ ۔۔۔۔۔۔۔ ۔ نامہ نگار

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں