وزیراعظم عمران خان کا ملک میں زرمبادلہ لانے والوں کیلئے مراعات کا اعلان

بنکنگ چینل کے ذریعے ایک ڈالر آنے پر اب ایک روپے کی بجائے دو روپے ملیں گے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 23 اکتوبر 2018 12:13

وزیراعظم عمران خان کا ملک میں زرمبادلہ لانے والوں کیلئے مراعات کا اعلان
اسلام باد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23اکتوبر 2018ء) وزیراعظم عمران خان نے ملک میں زرِ مبادلہ لانے کے لیے مراعات کا اعلان کر دیا ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ عمران خان نے ملک میں زر مبادلہ لانے والوں کے لیے اہم اعلان کیا ہے،موبائل والٹ سے ایک ڈالر آنے پر اب ایک کی بجائے دو روپے ملیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے سمندر پار پاکستانیوں کو عظیم اثاثہ قرار دیتے ہوئے ان کی طرف سے ترسیلات زر بھجوانے میں سہولت اور آسانی پیدا کرنے کیلئے اہم اقدامات کی منظوری دیدی ہے جس سے قانونی ذرائع سے ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ ہو گا۔

وزیراعظم عمران خان نے ترسیلات کے سلسلے میں مراعات کا اعلان کیا ہے۔15 فیصد سے زائد ترسیلات پر فی ڈالر 3روپے دئیے جائیں گے۔اسٹیٹ بینک اور منظور شدہ بینکوں کو غیر مالیاتی اداروں سے لین دین کی اجازت بھی مل گئی،جب کہ غیر ملکی کرنسی میں انفرادی ٹرانزیکشن کی زیادہ سے زیادہ حد 1500 ڈالر کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پوٹیلیٹ بلز،انشورنس۔

خریداری اور کریڈٹ کارڈ کی ادائیگی کی بھی اجازت دے دی گئی ہے۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ سمندر پار پاکستانیز ہمارا عظیم اثاثہ ہیں اور حکومت ہر لحاظ سے ان کو سہولت دی گی۔ انہوں نے متعلقہ وزارتوں،محکموں کو ہدایت کی کہ وہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے مزید مراعات پر کام کریں تاکہ قانونی ذرائع سے ترسیلات زر حاصل کی جا سکیں۔

اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر،وزیراعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات و کفایت شعاری ڈاکٹر عشرت حسین، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل ترقی سیّد ذوالفقار عباس بخاری، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی، گورنر سٹیٹ بینک طارق باجوہ، وزیراعظم کے سیکرٹری، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری سمندر پار پاکستانیز، چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین نادرا اور دیگر سینئر حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔ واضح رہے ملک میں معیشت کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کی ذمہ داری عمران خان نے خود سنبھالی ہوئی جس کے لیے وہ تین ملکوں کے دورے کریں گے۔وزیراعظم گذشتہ روز سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں