پاکستان کا سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں پر بھارت کے خلاف جارحانہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ.

بھارتی ہم منصب سے گفتگو کی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دریائے چناب پر بننے والے 2 بھارتی ڈیموں کے معائنے کی اجازت نہیں ملے گی. سید مہرعلی شاہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 23 اکتوبر 2018 12:34

پاکستان کا سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں پر بھارت کے خلاف جارحانہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ.
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 23 اکتوبر۔2018ء) پاکستان نے بھارت کو دھمکی دی ہے کہ وہ سندھ طاس معاہدے میں نئی دہلی کی مسلسل خلاف ورزیوں پر اپنے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے ایک جارحانہ مہم کا آغاز کرے گا. واضح رہے کہ بھارت ایک ہزار میگاواٹ کے پکل دل ہائیڈرو پاور پروجیکٹ وار 48 میگا واٹ کے لوئر کنال ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر پاکستانی حکام کو دورہ کروانے سے متعلق ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے.

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے انڈس واٹر کمیشن کے کمشنر سید مہر علی شاہ نے بتایا ہے کہ میری اپنے بھارتی ہم منصب سے اس معاملے میں ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ہے.

(جاری ہے)

ٹیلی فونک گفتگو سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستانی حکام کو دریائے چناب پر مستقبل قریب میں بننے والے 2 بھارتی ڈیموں کے معائنے کی اجازت نہیں ملے گی. وفاقی وزیرِ برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سید مہر علی شاہ نے کہا کہ بھارتی واٹر کمیشن نے وعدہ کیا تھا کہ وہ پاکستانی وفد کو سرحد کی دوسری جانب دریائے چناب پر ڈیموں کی تعمیر سے متعلق انسپکشن کی اجازت دیں گے.

انہوں نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں عام انتخابات کی وجہ سے انسپکشن کے لیے دورے کو ملتوی کردیا گیا تھا. انڈس واٹر کمیشن کے کمشنر نے بتایا کہ انہیں ابھی تک بھارت کی جانب سے دورے سے متعلق شیڈول میں تبدیلی کے بارے میں بھی نہیں بتایا گیا اور اسی حوالے سے بھارتی ہم منصب کو خط بھی لکھا. وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے میں سخت رویہ اختیار نہیں کرنا چاہتے، تاہم بھارت کے خلاف پاکستان سمیت پوری دنیا میں جارحانہ مہم کا آغاز کیا جائے گا کیونکہ اس نے سندھ طاس معاہدے 1960 کی خلاف ورزی کی ہے.

اپنی بات کی وضاحت دیے بغیر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وہ بھارت کو اسی کے کارڈز میں پھنسائیں گے جس کے لیے وہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت لیں گے اور بھارت کے ساتھ تمام مسائل کو حل کریں گے.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں