صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان عارف علوی کو عبدالرشید ترابی کا خط

تحریک آزادی کشمیر محض آزادی کشمیرکی نہیں تکمیل ودفاع پاکستان کی جنگ ہے،عبدالرشید ترابی

منگل 23 اکتوبر 2018 17:04

صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان عارف علوی کو عبدالرشید ترابی کا خط
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2018ء) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال اورذمہ داری سنبھالنے پر صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان کو خط تحریر کیا ہے خط میں لکھا گیا ہے کہ’’امید ہے کہ آپ کی سرپرستی میں ریاست و حکومت نظریاتی ، دفاعی اور معاشی استحکام حاصل کرتے ہوئے درپیش چیلنجز سے عہدہ برآ ہو گی ۔

ہمارے نزدیک متذکرہ تمام حوالوں سے پاکستان کے استحکام کے لیے ضروری ہے کہ مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر بھارتی تسلط سے آزادہو کر پاکستان کے ساتھ شامل ہو اسی لیے اہل کشمیرتحریک آزادی کشمیر کو محض آزادی کشمیرکی نہیں تکمیل ودفاع پاکستان کی جنگ سمجھتے ہوئے آٹھ لاکھ سے زائد بھارتی قابض افواج کے سامنے سینہ سپر ہیں ۔

(جاری ہے)

یوں تو گزشتہ ستر سال سے کشمیری اپنے خون سے داستان حریت رقم کر رہے ہیں لیکن برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد نوجوانوں نے جو عظیم الشان عوامی تحریک برپا کی اسے کچلنے کے لیے بھارتی استعمار ریاستی دہشت گردی اور ظلم و ستم کے تمام ریکارڈ مات کر چکا ہے لیکن بفضل خدا تمام ہتھکنڈوں کے باوجود وہ جذبہ آزادی کو کچلنے میں قطعاً ناکام رہا بلکہ اس کی ہر تدبیر تحریک آزادی کو مزید توانا کرنے کا ذریعہ بنی ۔

آرایس ایس کے ایجنڈے کے مطابق آج کل بھارتی حکومت کشمیر کے مسلم اور کشمیری تشخص کو ختم کرنے کے لیے آئین کی دفعہ 35-Aکے خلاف نبرد آزما ہے ۔ حالات کے اس پس منظرمیں پاکستان میں قائم ہونے والی نئی حکومت سے اہل کشمیرکی بڑی توقعات ہیں ۔ امید ہے انہیںمایوس نہیں کیا جائے گا۔کشمیر پالیسی کے حوالے سے ایک جامع مشاورت کی بھی ضرورت ہے ، یکساں موقف اختیار کرتے ہوئے آزاد جموں وکشمیر کی سیاسی جماعتیں اور حریت قائدین ، کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل کے تحت حق خود ارادیت کے ایجنڈے پر متحد و منظم ہو کر جدوجہد کر رہے ہیں ۔ الله تعالیٰ آپ کی سرپرستی میں پاکستان کو استحکام ، خوشحالی اور ترقی نصیب فرمائے۔ ‘‘

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں