نوازشریف، مریم اور صفدر کی سزا معطلی کیخلاف نیب کی اپیل کل سماعت کیلئے مقرر

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سماعت کریگا ،متعلقہ فریقین کو نوٹسز بھی جاری کردیئے گئے

منگل 23 اکتوبر 2018 17:15

نوازشریف، مریم اور صفدر کی سزا معطلی کیخلاف نیب کی اپیل کل سماعت کیلئے مقرر
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2018ء) سپریم کورٹ میں نوازشریف، مریم اور صفدر کی سزا معطلی کے خلاف نیب کی اپیل کل (بدھ کو) سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔ نیب نے گزشتہ روز نوازشریف،مریم اور محمد صفدر کی سزا معطلی کا اسلام آباد ہائیکورٹ کا 19 ستمبر کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔نیب کی جانب سے دائر اپیل میں کہا گیا کہ ہائیکورٹ نے مقدمہ کے شواہد کا درست جائزہ نہیں لیا، ہائیکورٹ نیاپیل کے ساتھ سزا معطلی کی درخواستیں سننے کاحکم دیا تھا، ہائیکورٹ نے اپنے ہی حکم نامے کے برخلاف درخواستوں کی سماعت کی۔

نیب کی اپیل میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ سپریم کورٹ میں نیب کی اپیل آج سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے اور چیف جسٹس پاکستان نے اس حوالے سے بینچ بھی تشکیل دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سماعت کرے گا،جسٹس مشیر عالم اور جسٹس عمر بندیال بنچ کا حصہ ہوں گے ، عدالت نے فریقین کو نوٹسز بھی جاری کردیئے ہیں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد محمد صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل پر 19 ستمبر کو فیصلہ سناتے ہوئے تینوں کی سزا معطل کرکے رہائی کا حکم دیا تھا۔اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کو 11، مریم کو 8 اور کیپٹن (ر) محمد صفدرکو ایک سال کی سزا سنائی تھی۔نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 13 جولائی کو لندن سے واپسی پر گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں