خواتین اور معاشرے کے دیگر پسے ہوئے طبقات کی رجسٹریشن کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کا پلان تیار کیاجائے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی نادراکو ڈیٹا مینجمنٹ کیلئے مؤثر حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت

منگل 23 اکتوبر 2018 17:45

خواتین اور معاشرے کے دیگر پسے ہوئے طبقات کی رجسٹریشن کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کا پلان تیار کیاجائے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی نادراکو ڈیٹا مینجمنٹ کیلئے مؤثر حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نادراکو ڈیٹا مینجمنٹ کے لئے مؤثر حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین اور معاشرے کے دیگر پسے ہوئے طبقات کی رجسٹریشن کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کا پلان تیار کیاجائے۔ انہوں نے یہ ہدایات منگل کو ایوان صدر میں چیئرمین نادرا عثمان مبین کی جانب سے ادارے کے جاری اور مستقبل کے پروگراموں کے بارے میں دی جانے والی بریفنگ کے دوران جاری کیں۔

چیئرمین نادرا نے صدر مملکت کو ادارے کی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت سے کسی بھی طرح کے فوائد حاصل کرنے کے لئے قومی شناختی کارڈ ایک بنیادی ضرورت ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ خواتین سمیت تمام شہریوں کو نادرا کے پاس رجسٹریشن حاصل کرنے کی اہمیت کااحساس دلایا جائے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ نادرا اور مقامی حکومتوںکو اس طرح کے مسائل کے حل کے لئے تکنیکی روابط قائم کرنا چاہیے۔

اس مقصد کے لئے نادرا کو ڈیٹا مینجمنٹ کی ایک مؤثر حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے نادرا کو یہ ہدایت بھی کی کہ ڈیٹا کو لیک ہونے سے روکنے اور ڈیٹا چوری کی ہر طرح کی کوشش کو روکنے کے لئے مزید محفوظ نظام وضع کرتے ہوئے اپنی حکمت عملی کو مضبوط بنائے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے دورہ کے خواہش مند غیر ملکیوں کے لئے آن لائن ویزہ سروسز کا نظام تشکیل دینے کے سلسلہ میں وزارت خارجہ امور ، داخلہ اور نادرا کے مابین مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے نادرا پرزور دیا کہ وہ آن لائن ووٹنگ سسٹم کی بہتری کے لئے کام جاری رکھے اور اس حوالے سے مشکلات اور رکاوٹیں دور کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کو آئندہ عام انتخابات 2023 ء کے لئے ڈیجیٹل شناخت اور ووٹنگ کی تصدیق کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں