سپریم کورٹ میں وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری سے متعلق درخواست کی سماعت

سپریم کورٹ نے زلفی بخاری اور وزیراعظم عمران خان کو نوٹس جاری کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 12 نومبر 2018 10:58

سپریم کورٹ میں وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری سے متعلق درخواست کی سماعت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 نومبر 2018ء) : سپریم کورٹ آف پاکستان میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ جس پر سپریم کورٹ نے زلفی بخاری اور وزیراعظم عمران خان کو نوٹس جاری کردئے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں زلفی بخاری کے خلاف دائر درخواست کی ساعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ زلفی بخاری برطانوی شہری اور معاون خصوصی ہیں۔

جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ آپ نے براہ راست سپریم کورٹ سے رجوع کیوں کیا؟ چیف جسٹس نے کہا کہ زلفی بخاری دوہری شہریت کے ساتھ سرکاری عہدہ کیسے رکھ سکتے ہیں؟ کیا عام آدمی دوہری شہریت کے ساتھ سرکاری عہدہ رکھ سکتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ میرے خیال سے آپ آرٹیکل 62 ون سی کے تحت مقدمہ لائے ہیں۔

(جاری ہے)

وکیل نے کہا کہ جو کام بالواسطہ نہیں ہو سکتا وہ بلا واسطہ بھی تو ہو سکتا ہے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ کیا معاون خصوصی کے لیے دوہری شہریت کی قدغن ہے؟چیف جسٹس نے کہا کہ مشیر کا عہدہ اس لیے ہے جو منتخب ہونےکے اہل نہیں انہیں لگایا جائے؟مشیر کے لیے آئین میں کوئی اہلیت نہیں دی گئی۔جس پہر درخواستگزار کے وکیل نے کہا کہ اسطرح تو جہانگیر ترین کو بھی تعینات کیا جا سکتا ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ زلفی بخاری کے خلاف کوئی عدالتی فیصلہ موجود نہیں ہے۔

سپریم کورٹ نے زلفی بخاری اور وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت کو جمعہ تک ملتوی کر دیا۔ یاد رہے کہ گذشتہ ماہ 24 اکتوبر کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی اور ان کے قریبی دوست زلفی بخاری کی سرکاری عہدے پر تعیناتی کے خلاف درخواست سماعت کے لیے منظور کی تھی۔ سپریم کورٹ میں شہری عادل چٹھہ نے دوہری شہریت کی بنیاد پر زلفی بخاری کی تقرری کو چیلنج کر رکھا تھا۔

درخواستگزار نے موقف اختیار کیا کہ دوہری شہریت والا شخص وزیراعظم کا معاون خصوصی نہیں بن سکتا۔ سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراض عائد کیا تھا۔ رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے خلاف شہری نے دوبارہ اپیل دائرکی تھی۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے شہری کی درخواست پرچیمبر میں سماعت کی۔ جس کے بعد چیف جسٹس نے درخواست پر رجسٹرارآفس کے اعتراضات ختم کرکے درخواست سماعت کے لیے منظور کی جس پر آج سماعت کرتے ہوئے زلفی بخاری اور وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کر دئے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں