وزیراعظم عمران خان نے میڈیا کے بقایا جات کی فوری ادائیگی کی ہدایت کی ہے،

ادائیگیوں سے میڈیا انڈسٹری پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور میڈیا ورکرز کو نکالنے کا سلسلہ روکنے میں مدد ملے گی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت میڈیا سے متعلق اجلاس کے حوالے سے ویڈیو پیغام

پیر 12 نومبر 2018 23:17

وزیراعظم عمران خان نے میڈیا کے بقایا جات کی فوری ادائیگی کی ہدایت کی ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے میڈیا کے بقایا جات کی فوری ادائیگی کی ہدایت کی ہے، ادائیگیوں کا فیصلہ اہم ہے، میڈیا انڈسٹری پر مثبت اثرات مرتب ہونگے، ادائیگیوں کے نتیجے میں میڈیا ورکرز کو نکالنے کا سلسلہ روکنے میں مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت میڈیا سے متعلق اجلاس کے حوالے سے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ گذشتہ کچھ ہفتوں سے میڈیا سے لوگوں کو نکالا جارہا ہے،پی ٹی آئی حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ لوگوں کو روزگار دیاجائے گا اور بے روزگاری سے بچا جائے گا اس لئے فوری ریلیف کے طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں وفاق اورتینوں صوبائی حکومتیں میڈیا کے بقایا جات کی ادائیگی کے لئے عمل فوری شروع کریں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے جس طریقے سے اشتہار کو سیاسی آلہ کے طور پر استعمال کیا ،ہم اس کے حامی نہیں ہیں، کوئی بھی حکومت اس طرح کی اشتہاربازی کا سوچ بھی نہیں سکتی، اسی وجہ سے میڈیا بزنس بھی متاثر ہوا ہے، موجودہ حکومت اشتہارات میں توازن کی پالیسی لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار تاریخ میں حکومت نے ریاستی میڈیا پرجس طرح سینسر شپ ختم کی ہے اسی طرح اشتہارات پر حکومت کے کنٹرول کو ختم کر کے ایک لائحہ عمل بنا رہے ہیں جس کے زریعے سرکاری اشتہارات حکومت کے کنٹرول میں نہیں ہونگے بلکہ میرٹ پر تقسیم ہونگے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین،پنجاب کے وزیر اطلاعات ، کے پی کے کے وزیر اطلاعات ،ڈی جی پی آر بلوچستان ، وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اور محکمہ اطلاعات کے حکام شریک تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں