دنیا کے غریب ملک پاکستان کی امیر ترین شخصیات

آصف علی زرداری ، نواز شریف سمیت 10 افراد امیر ترین شخصیات کی فہرست میں شامل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 13 نومبر 2018 13:02

دنیا کے غریب ملک پاکستان کی امیر ترین شخصیات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 نومبر 2018ء) : دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست تو ہر سال جاری ہوتی ہے اور لوگ دلچسپی سے اس فہرست میں شامل افراد کے بارے میں پڑھتے اور معلومات حاصل کرتے ہیں لیکن حال ہی میں ایک ویب سائٹ نے دنیا کے ترقی پذیر ملک پاکستان کی 10 امیر ترین شخصیات کی ایک فہرست ترتیب دی ہے۔ اس فہرست میں صدر الدین ہاشوانی، ملک ریاض، ناصر شون،رفیق حبیب، میاں محمد منشا، آصف علی زرداری ، سراور پرویز، میاں محمد نواز شریف ، عبد الرزاق یعقوب اور طارق سہگل شامل ہیں۔

ان افراد کو پاکستان کے پہلے 10 امیر ترین افراد کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ ویب سائٹ پر شائع رپورٹ کے مطابق صدر الدین ہاشوانی میریٹ یوٹل کی فرنچائز کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں اور ہاشو گروپ کے بھی چئیرمین ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا ایک اور بڑا پراجیکٹ پرل کانٹیننٹل ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے فارما سوٹیکلز، رئیل اسٹیٹ، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔

ان کے اثاثوں کی کُل مالیت 1.1 ارب ڈالر ہے جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً ایک کھرب 47 ارب اور 40 کروڑ روپے بنتی ہے۔ ملک ریاض ایشا کی سب سے بڑی نجی رئیل اسٹیٹ کمپنی کے مالک ہیں، جس کا نام بحریہ ٹائون ہے۔ذرائع کے مطابق ان کے اثاثے 2 ارب ڈالر ہیں جن کی پاکستانی کرنسی میں مالیت 2 کھرب 68 ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔ ناصرشون ، شون گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیں، جو پاک چائنہ فرٹیلائزرز، شون بینک ، شون ٹیکسٹائلز اور دیگر کمپنیوں پر مشتمل گروپ ہے۔

ان کے اثاثوں کی مالیت 1 ارب ڈالر ہے جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً ایک کھرب اور 34 ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔ رفیق حبیب بینکنگ اینڈ فنانس ، ریٹیل اور کنسٹرکشن کے کاروبار سے منسلک ہیں۔ ان کے اثاثے 90 کروڑ ڈالر ہیں جو پاکستانی کرنسی میں ایک کھرب 20 ارب 60 کروڑ روپے سے زائد ہیں۔ میاں محمد منشا دنیا میں 937 ویں امیر ترین شخص ہیں، میاں محمد منشا مسلم کمرشل بینک، نشاط اور آدم جی گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیں۔

ان کے اثاثوں کی کُل مالیت 1 ارب ڈالر ہے جو پاکستانی روپے میں ایک کھرب 34 ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔ آصف علی زرداری 1987ء میں محترمہ بے نظیر بھٹو سے شادی کے بعد مشہور ہوئے۔ ان کا شمار پاکستان کی بااثر ترین شخصیات میں بھی ہوتا ہے۔ آصف علی زرداری پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین بھی ہیں۔ ان کے اثاثے ایک ارب 80 کروڑ ڈالر ہیں جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً دو کھرب ، 41 ارب اور 20 کروڑ روپے بنتی ہے۔

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف ممتاز سیاستدان ہونےکے ساتھ ایک کامیاب صنعت کار بھی ہیں۔ نواز شریف یونٹ گروپ ، شریف گروپ اور اتفاق گروپ کے مالک ہیں۔ ان کے اثاثوں کی مالیت ایک ارب 40 کروڑ ڈالر ہے جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 1 کھرب، 87 ارب اور 60 کروڑ روپے بنتی ہے ۔ عبد الرزاق یعقوب نے 1960ء کی دہائی میں دبئی میں کاروبار شروع کیا۔ وہ اس وقت اے آر وائی گروپ کے مالک ہیں، ان کے اثاثوں کی مالیت ایک ارب ڈالر ہے جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 1 کھرب 34 ارب روپے بنتی ہے۔ اس کے علاوہ طارق سہگل سہگل گروپ اور کوہ نور میپل گروپ کے مالک ہیں۔ ان کے اثاثے اس وقت 85 کروڑ ڈالر ہیں جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 1 کھرب 13 ارب 90 کروڑ روپےبنتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں