آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے بیٹے کی شادی کی تصاویر منظر عام پر

ٹویٹر صارفین کے تمسخرانہ تبصروں نے سب کی توجہ حاصل کر لی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 13 نومبر 2018 15:37

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے بیٹے کی شادی کی تصاویر منظر عام پر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 نومبر 2018ء) : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے صاحبزادے سعد صدیق باجوہ رشتہ ازدواج میں بندھ گئے۔ سوشل میڈیا پر آرمی چیف کے صاحبزادے کی شادی کی تقریبات کی تصاویر وائرل ہوئیں تو ٹویٹر صارفین نے ان تصاویر پر تمسخرانہ تبصرے کرنا شروع کر دئے۔سعد صدیق باجوہ کی شادی ایک معروف کاروباری شخصیت صابر حمید کی صاحبزادی ماہ نور صابر سے ہوئی۔

شادی کی تقریب لاہور کے ایک معروف میرج ہال میں منعقد کی گئی جہاں علامہ ثاقب رضا مصطفائی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے صاحبزادے سعد باجوہ کا ماہ نور صابر سے نکاح پڑھایا۔
شادی کی تقریب میں سب نے گلابی رنگ کی پگڑیاں پہن رکھی تھیں ۔
آرمی چیف کے صاحبزادے کی شادی کی تصاویر بھی منظر عام پر آئیں جن میں تمام مہمانوں کو گلابی پگڑیاں پہنے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے صاحبزادے سعد صدیق باجوہ کی دعوت ولیمہ میں صدر مملکت،وزیراعظم اور چیف جسٹس سمیت متعدد معروف شخصیات نے شرکت کی۔
سعد صدیق باجوہ کی دعوت ولیمہ میں سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے بھی شرکت کی۔ولیمے کی تقریب میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر،وزیر دفاع پرویز خٹک بھی شریک تھے۔

ولیمہ کی تقریب کی ویڈیو وائرل ہوئی تو اس پر ٹویٹر صارفین نے کئی تبصرے کیے۔ ایک ٹویٹر صارف نے عمران خان اور جنرل قمر جاوید باجوہ کی تصویر کے ساتھ لکھا کہ آرمی چیف اپنے بیٹے کے ہمراہ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھی سعد صدیقی باجوہ کی تصویر شئیر کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ جس پر صارفین نے سعد صدیق باجوہ کو بھی نہ چھوڑا اور ان پر بھی تنقید کے نشتر چلا دئے۔

ایک صارف نے تو حد ہی کر دی اور لکھا کہ پاک فوج اور حکومت کا ایک پیج پر ہونے سے ایک اسٹیج پر ہونے تک کاسفر۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ حکومت اور فوج ایک اسٹیج پر ہیں۔
ان سارے تبصروں میں ریحام خان بھی پیچھے نہ رہیں اور ایک پیج سے ایک اسٹیج تک کے سفر کو بہترین ٹویٹ قرار دیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں