سپریم کورٹ میں ملک ریاض کیس میں پرویز الٰہی سے متعلق انکشافات

معروف صحافی نے پرویز الٰہی سے متعلق بڑی خبر دے دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 14 نومبر 2018 12:01

سپریم کورٹ میں ملک ریاض کیس میں پرویز الٰہی سے متعلق انکشافات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 نومبر 2018ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی رؤف کلاسرا نے کہا کہ پرویز الٰہی نے عام انتخابات میں حصہ لیا جس کے بعد وہ کامیاب ہو کر اسپیکر کے عہدہ حاصل کر چکے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا ایک مضبوط ستون بھی ہیں۔ ان کی جو ویڈیو سامنے آئی تھی اُس میں سب نے سُنا تھا جو انہوں نے کہا تھا اور انہوں نے کئی دھمکیاں بھی دیں۔

اب یہ عمران خان کے لیے ایک امتحان ہے کیونکہ وہ گذشتہ 20،22 سال سے ہمیں سمجھاتے رہے ہیں اور یقین دلواتے رہے ہیں کہ پنجاب کے سب سے بڑے ڈاکوؤں کو نہیں چھوڑا جائے گا اب دیکھنا یہ ہے کہ عمران خان کیا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چودھری شجاعت نے حال ہی میں ایک کتاب لکھی جسے پڑھ کر ان کا ایک تاثر بن گیا ہے کہ وہ سیاسی گاڈ فادر ہیں اور اس کے علاوہ ان کی کتاب نے کافی پذیرائی بھی حاصل کی۔

(جاری ہے)

جس بھی سیاستدان یا صحافی سے مل لیں ، وہ آپ کو یہی بتائیں گے کہ چودھری شجاعت حسین بہت ہی مہربان آدمی ہیں،ان کی کتاب سے یہ تاثر ملتا ہے کہ جو بھی ملک میں غریب غرباء یا یہاں تک کہ اگر کوئی سیاستدان بھی ہے تو ہم اس کی مدد کرتے ہیں۔ رؤف کلاسرا نے اپنے پروگرام میں ملک ریاض کیس میں چودھری پرویز الٰہی سے متعلق اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ پرویز الٰہی نے جنگلات کی 2210 ایکڑ زمین اُٹھا کر ملک ریاض کی ہاؤسنگ سوسائٹی بحریہ ٹاؤن کو الاٹ کر دی۔

انہوں نے اس زمین کو کاغذات میں کم کر کے جان بوجھ کر 1741 ایکڑ دکھایا ،اس میں انہوں نے 6 سو ایکڑ کے قریب زمین الاٹ تو کی لیکن ریکارڈ میں سے غائب کر دی۔ 6 سو ایکڑ میں سے دو سو ایکڑ زمین کو چودھری شجاعت کے بچوں اور اہل خانہ کو الاٹ کروایا گیا۔ ان کے ایک فرنٹ مین تھے چودھری منیر ، اس زمین کو پہلے ان کے نام کیا گیا جس کے بعد اس زمین کو چودھری شجاعت کے بچوں اور اہل خانہ کے نام کیا گیا۔

رؤف کلاسرا نے بتایا کہ تعجب کی بات یہ ہے کہ زمین کی اس الاٹمنٹ میں محکمہ جنگلات کا عملہ بھی ملا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان سب کو نیب نے پکڑنا ہے۔ اگر اُس وقت کے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے غلط احکامات دئے تھے تو ان کو گھر چلے جانا چاہئیے تھا آج بھی عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کچھ لوگوں کو غلط احکامات دئے جس پر انہوں نے عمل کرنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ آپ ہمیں گھر بھیج دیں کیونکہ ہم نے احد چیمہ اور فواد حسن فواد نہیں بننا۔ رؤف کلاسرا نے مزید کیا کہا آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں