اسحاق ڈار واپس آئیں گے تو ہی انہیں انصاف ملے گا. سپریم کورٹ

حکومت پاکستان نے سابق وزیرخزانہ کی واپسی کے لیے برطانیہ کو خط لکھ دیاہے. ایڈیشنل اٹارنی جنرل

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 14 نومبر 2018 12:05

اسحاق ڈار واپس آئیں گے تو ہی انہیں انصاف ملے گا. سپریم کورٹ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 نومبر۔2018ء) سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی کے معاملے پر چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ اسحاق ڈار واپس آئیں گے تو ہی انہیں انصاف ملے گا. سپریم کورٹ میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی کے معاملے پر چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں کیس کی سماعت ہوئی.

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ برطانیہ کے ہوم ڈپارٹمنٹ نے سوالنامہ بھیجا ہے جو ہم نے نیب کو بھیج دیا ہے، اب نیب کو ان سوالوں کے جواب دینے ہیں. انہوں نے بتایا کہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان ملزمان کی حوالگی کا معاہدہ ہوگیا ہے جس کے بعد ہی ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے یہ سوالنامہ بھیجاگیا ہے.

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ٹھیک ہے اس معاملے پر ایک مہینے کا وقت تو لگ ہی جائے گا اور اب تو اسحاق ڈارکی بیماری کا معاملہ بھی نہیں ہے‘ انہوں نے مزید کہا کہ اسحاق ڈار کہتے ہیں جب مجھے انصاف ملے گا تب ہی واپس آﺅں گا.

جسٹس اعجاز الاحسن نے اس موقع پر اپنے ریمارکس میں کہا کہ لانگ ڈسٹنس انصاف تو نہیں مل سکتا نا؟. ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت پاکستان نے سابق وزیرخزانہ کی واپسی کے لیے برطانیہ کو خط لکھ دیاہے. چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اسحاق ڈار کی بیماری کا ایشو کم ہے، وہ کہتے ہیں مجھے انصاف نہیں ملے گا، جب انصاف ملے گا پاکستان آوں گا، نہیں معلوم وہ کس قسم کا انصاف چاہتے ہیں تاہم عدالت جس کو چاہئے طلب کر سکتی ہے.

عدالت نے کیس میں ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ایک ماہ تک کے لئے ملتوی کردی. واضح رہے اسحاق ڈار پاکستان میں ایک سے زائد مقدمات میں مطلوب ہیں اور ان کے خلاف پاناما لیکس کے تناظر میں نیب ریفرنس بھی دائر ہے جس میں وہ اشتہاری قرار دیے گئے ہیں.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں