وزیراعظم عمران خان کا ہندو برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی، دیوالی کا کیک کاٹا

وزیراعظم عمران خان نے ایم این اے رمیش کُمار کو 12 ربیع الاول کو ختم نبوت ﷺ کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 14 نومبر 2018 14:10

وزیراعظم عمران خان کا ہندو برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی، دیوالی کا کیک کاٹا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 نومبر 2018ء) : وزیراعظم عمران خان نے ہندو برادری سے اظہار یکجہتی کے لیے دیوالی کا کیک کاٹا جس کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں پاکستان تحریک انصاف سندھ کے ارکان اسمبلی کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے اقلیتی برادری سے اظہار یکجہتی کیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے اقلیتی رکن اسمبلی رمیش کُمار کی خصوصی گذارش پر دیوالی کا کیک کاٹا جس کے بعد تمام ارکان اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ کیک کاٹا۔ وزیراعظم عمران خان نے رمیش کُمار کو 12 ربیع الاول کو ختم نبوت ﷺ کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی اور کہا کہ آپ 12 ربیع الاول کی تقریب سے خطاب بھی کریں گے ۔

(جاری ہے)

رمیش کمار کا کہنا ہے کہ مجھے بے حد خوشی ہوئی کہ وزیراعظم عمران خان نے دیوالی کا کیک کاٹا اور سب کے ساتھ کھایا۔

رمیش کمار نے بتایا کہ تقریب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ارکان قومی اسمبلی نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مجھے 12 ربیع الاول کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے، میں کانفرنس میں ضرور شرکت کروں گا اور اپنے خیالات کا اظہار بھی کروں گا۔ اقلیتی رکن اسمبلی کے ساتھ دیوالی کا کیک کاٹنے پر وزیراعظم عمران خان کو خوب سراہا جا رہا ہے۔

اقلیتی برادری کا کہنا ہے کہ عمران خان کے کیک کاٹنے سے ہماری حوصلہ افزائی ہوئی اور ہمیں اس بات کا احساس ہوا کہ عمران خان ملک میں موجود تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے وزیراعظم ہیں اور سب کے جذبات کا خیال رکھتے ہیں۔ دیوالی کے موقع پر کیک کاٹنے سے وزیراعظم عمران خان نے ہندو برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔ ہندو کمیونٹی کا کہنا ہے کہ ہم وزیراعظم عمران خان کے بے حد مشکور ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں